احتجاج کرنے والے پہلوانوں ساکشی ملک، بجرنگ پونیا، ونیش پھوگٹ کو دہلی پولیس نے حراست میں لیا

نئی دہلی، مئی 28: دہلی پولیس نے اتوار کو اولمپک میڈلسٹ سمیت کئی پہلوانوں کے ساتھ ساتھ ان کے درجنوں حامیوں کو حراست میں لے لیا، جب وہ نئی دہلی میں نئی پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ریسلنگ فیڈریشن کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کو، جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے الزام میں گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پہلوانوں کے ایک گروپ نے گذشتہ ماہ سے دھرنا دے رکھا ہے۔

اتوار کو پہلوانوں نے ہندوستان کی نئی پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی، جب اس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کررہے تھے، لیکن انھیں سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے روک دیا۔

جن لوگوں کو حراست میں لے کر بسوں میں لے جایا گیا ان میں اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا اور دو بار ورلڈ چیمپئن شپ کا تمغہ جیتنے والی وینیش پھوگاٹ بھی شامل ہیں۔

پارلیمنٹ کی طرف پہلوانوں کے مارچ اور گرفتاریوں کے دوران ہاتھا پائی بھی ہوئی۔