شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سعودی عرب کے نئے وزیر خارجہ مقرر
شاہی فرمان کے تحت ڈاکٹر ابراہیم العساف کو وزارت خارجہ کے عہدے سے ہٹا کر شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ بن فیصل بن فرحان آل سعود کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے جاری کردہ شاہی فرمان کے تحت کابینہ میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شاہی فرمان کے تحت ڈاکٹر ابراہیم العساف کو وزارت خارجہ کے عہدے سے ہٹا کر شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ بن فیصل بن فرحان آل سعود کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر العساف کو وزیر مملکت اور کابینہ کا رکن مقرر کیا گیا۔
شاہی فرمان کے تحت وزیر ٹرانسپورٹ نبیل بن محمد العامودی کو بھی ان کے عہدے سے سبکدوش کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ صالح بن ناصر بن علی الجاسر کو نیا وزیر ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا۔
شاہی فرمان کے تحت عبداللہ بن شرف بن جمعان الغامدی کو بھی وزیر کے عہدے کے مساوی ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کا سربراہ اور صالح بن محمد بن ابراہیم العثیم کو ادارے کا نائب سربراہ مقرر کیا گیا۔
عصام بن عبد اللہ بن خلف الوقیت کو قومی انفارمیشن سینٹر کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا۔ ڈاکٹر طارق بن عبد اللہ بن عبد العزیز الشدی کو نیشنل ڈیٹا مینجمنٹ آفس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔