سعودی عرب بھارت سمیت ’’ریڈ لسٹڈ‘‘ ممالک کا سفر کرنے والے شہریوں پر 3 سالہ سفری پابندی عائد کرے گا

نئی دہلی، جولائی 28: سعودی عرب نے منگل کے روز کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس وبائی امراض کے درمیان ’’ریڈ لسٹڈ‘‘ ممالک جانے والے شہریوں پر تین سالہ بین الاقوامی سفری پابندی عائد کرے گا۔ انھیں قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا اور بھاری جرمانے بھی ادا کرنے پڑیں گے۔

سعودی عرب نے کووڈ 19 کیسز میں اضافے کا سامنا کر رہے ممالک یا جہاں وائرس کی نئی ​​شکلیں پھیل چکی ہیں ان ممالک کے سفر یا وہاں سے آمدورفت پر پابندی عائد کردی ہے۔ ان ممالک میں ہندوستان، متحدہ عرب امارات، ویتنام، لیبیا، شام، لبنان، یمن، ایران، ترکی، آرمینیا، ایتھوپیا، صومالیہ، کانگو، افغانستان، وینزویلا اور بیلاروس شامل ہیں۔

ایک نامعلوم عہدیدار نے بتایا کہ حکومت کو اطلاع ملی ہے کہ شہری سفری اصولوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ممنوعہ ممالک کا سفر کررہے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک نامعلوم عہدیدار نے بتایا ’’ریڈ لسٹد ممالک کا سفر کووڈ 19 سے متعلق سفری پابندیوں اور حکومت کی تازہ ترین ہدایات کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘‘

عہدیدار نے بتایا ’’وزارت داخلہ اس بات پر زور دیتی ہے کہ شہریوں پر اب بھی براہ راست یا کسی دوسرے ملک کے ذریعے ان ملکوں کا سفر کرنے پر پابندی ہے جہاں وبائی بیماری پر قابو نہیں پایا گیا ہے۔‘‘

عرب نیوز کی خبر کے مطابق سعودی عرب میں منگل کے روز 1،379 نئے کووڈ 19 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ وہیں گذشتہ دن 10 افراد کی اموات کے ساتھ ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 8،189 ہوگئی ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دسمبر 2019 میں وبائی امراض پھیلنے کے بعد سے اب تک عالمی سطح پر کووڈ 19 نے 19.52 کروڑ افراد کو متاثر کیا ہے اور 41.76 لاکھ اموات کا سبب بنا ہے۔