سعودی عرب: ایک بس حادثے میں 20 زائرین جاں بحق، 29 زخمی

نئی دہلی، مارچ 28: جنوب مغربی سعودی عرب میں زائرین کو لے جانے والی بس ایک پل سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی اور اس میں آگ لگنے سے کم از کم 20 افراد جاں بحق ہو گئے۔

یہ واقعہ پیر کو یمن کی سرحد سے متصل جنوبی صوبے عسیر میں پیش آیا۔

ریاست سے منسلک ریاستی چینل الاخباریہ نے رپورٹ کیا ’’اب ہمیں موصول ہونے والی ابتدائی معلومات کے مطابق اس حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے اور زخمیوں کی کل تعداد تقریباً 29 ہے۔‘‘

متاثرین میں مختلف ممالک کے افراد شامل ہیں۔

چینل نے وضاحت کیے بغیر کہا کہ بس میں ’’کچھ خرابی‘‘ تھی، جب کہ نجی اخبار اوکاز نے کہا کہ حادثہ بریکوں کے مسئلے کے نتیجے میں ہوا۔

سعودی عرب کے مقدس مقامات کے ارد گرد عبادت گزاروں کو لے جانا ایک خطرناک کام ہے، خاص طور پر رمضان کے مہینے اور حج کے دوران۔

2016 میں مدینہ اور مکہ کو ملانے والی شاہراہ پر ایک بس الٹنے سے تقریباً 19 افراد جاں بحق، جب کہ 22 دیگر زخمی ہوئے تھے۔

اپریل 2018 میں سعودی عرب میں چار برطانوی زائرین ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہو گئے تھے جب ان کی بس ایک فیول ٹینکر سے ٹکرا گئی تھی۔

اکتوبر 2019 میں مدینہ کے قریب ایک بس کے ایک اور بھاری گاڑی سے ٹکرانے سے تقریباً 35 غیر ملکی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے تھے۔