یوپی ایجوکیشن باڈی کی ویب سائٹ پر شاعر اکبر الہ آبادی کا نام ’’اکبر پریاگ راج‘‘ لکھا گیا
نئی دہلی، دسمبر 29: اتر پردیش حکومت کے ایک ادارے نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ اس کی ویب سائٹ کو ہیک کر لیا گیا تھا، جب سوشل میڈیا صارفین نے نشان زد کیا کہ اس نے مشہور شاعر اکبر الہ آبادی کو ’’اکبر پریاگ راجی‘‘ لکھا ہے۔ اکبر الہ آبادی کا نام آج صبح بحال کیا گیا۔
انیسویں صدی کے ایک شاعر سید اکبر حسین نے قلمی نام اکبر الہ آبادی کا استعمال کیا، کیوں کہ وہ اتر پردیش کے شہر الہ آباد کے قریب ایک قصبے میں پیدا ہوئے تھے۔ اتر پردیش حکومت نے اکتوبر 2018 میں الہ آباد شہر کا نام تبدیل کر کے پریاگ راج کر دیا تھا۔
منگل کے روز کئی سوشل میڈیا صارفین نے اتر پردیش ہائر ایجوکیشن سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر ایک صفحہ کے اسکرین شاٹس شیئر کیے جس میں ان کے اور دو دیگر شاعروں، تیغ الہ آبادی اور رشید الہ آبادی کے قلمی ناموں کو ’’پراگ راجی‘‘ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔
From Akbar Allahabadi to Akbar Prayagraji, thanks to the name changing in #UttarPradesh.
This on a government website. https://t.co/gyQ9iUDObW pic.twitter.com/3fnPkZkrne
— Gulam Jeelani (@jeelanikash) December 28, 2021
یہ نام اتر پردیش ہائر ایجوکیشن سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر ’’پریاگ راج کے بارے میں‘‘ سیکشن کے تحت ظاہر ہوئے، جو ریاستی حکومت کے ماتحت ایک خود مختار ادارہ ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما ریتا بہوگنا جوشی نے کہا کہ یہ ایک انسانی غلطی ہو سکتی ہے ’’کیوں کہ کوئی شخص کسی شخص کا قلمی نام اس طرح تبدیل نہیں کر سکتا۔‘‘ جوشی الہ آباد یونیورسٹی میں تاریخ کی پروفیسر ہیں۔
بدھ کو کمیشن کے چیئرپرسن ایشور چرن وشوکرما نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس معاملے پر پریاگ راج پولس کے سائبر سیل میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔
وشوکرما نے کہا ’’اس میں واضح طور پر کچھ شرپسندوں کا ہاتھ تھا جو الہ آباد کے نام کی تبدیلی پر اپنی واضح ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘