یوپی میں اسکول کے بچوں کو ’’ہندو راشٹر‘‘ کا حلف دلایا گیا، دیگر مقامات سے بھی ایسے واقعات سامنے آئے

نئی دہلی، دسمبر 29: دی کوئنٹ کی خبر کے مطابق ملک بھر میں ’’ہندوستان کو ایک ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کے لیے‘‘ حلف برداری کی متعدد تقریبات منعقد کی گئیں، جن کی ویڈیوز بالترتیب سدرشن نیوز اور اس کے ایڈیٹر ان چیف سریش چوہانکے نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈلز پر شیئر کی ہیں۔

چوہانکے نے بدھ 29 دسمبر کو ایک ویڈیو پوسٹ کیا جس میں ایک نامعلوم شخص کو اتر پردیش کے سون بھدر میں ایک اسکول کے طلبا کو ہندوستان کو ہندوراشٹر بنانے کے لیے ’’لڑو، مرو اور اگر ضرورت ہو تو مار ڈالو‘‘ کا حلف دلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

منگل 28 دسمبر کو سدرشن نیوز نے یوپی کے روپیڈیہا اور ناگپور میں اسی طرح کی حلف برداری کی ’’تقریبوں‘‘ کی دو ویڈیوز شیئر کیں۔

یہ اس کے کچھ ہی دن بعد آیا ہے جب چوہانکے نے خود 19 دسمبر کو دہلی میں ہندو یوا واہنی کے ذریعہ منعقدہ ایک پروگرام کے دوران اسی طرح کا حلف لیا تھا، جس کی ویڈیوز 22 دسمبر کو سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق یوپی میں اسکول کے بچوں سے حلف لیا گیا کہ ’’ہم ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے کے لیے کام کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ ہم اس کے لیے لڑیں گے، اس کے لیے مریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو اس کے لیے ماریں گے۔ لیکن ہم ایک لمحے کے لیے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، چاہے قربانی کیوں نہ دی جائے۔ ہمارے آباؤ اجداد، اساتذہ، مادر ہند ہمیں اتنی طاقت دیتے ہیں کہ ہم اپنے عہد کو پورا کر سکیں۔‘‘

یہ حلف یوپی کے سون بھدرا ضلع کے نہرو پارک میں اسکول کے بچوں کو دلایا گیا اور سدرشن ٹی وی کے رپورٹر راجیش سنگھ نے اسے ریکارڈ کیا۔ اس کا اختتام ’’بھارت ماتا کی جے’’، ’’وندرے ماترم‘‘ اور ’’جے ہند‘‘ کے نعروں کے ساتھ ہوا۔

اسکول کے یونیفارم میں ملبوس بچے اسکول کے اوقات کے بعد پارک میں جمع تھے۔ اپنے والدین کے ساتھ پارک میں آنے والے کچھ بچے بھی اس حلف برداری کی تقریب کا حصہ تھے۔

ویڈیو کلپ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سون بھدر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ متعلقہ پولیس افسر کو اس معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ویڈیو کی تحقیقات جاری ہے۔

اسی طرح روپیڈیہا اور ناگپور میں بھی متعدد لوگوں کو حلف دلایا گیا۔ سدرشن نیوز کے ذریعہ منگل کو شیئر کی گئی پہلی ویڈیو میں ایک نامعلوم شخص کو ہندوستان-نیپال سرحد کے قریب ایک چھوٹے سے شہر روپیڈیہا میں 12 لوگوں کو حلف دلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری ویڈیو جو منگل کو پہلے شیئر کی گئی تھی، اس میں ایک نامعلوم خاتون کو ناگپور میں متعدد لوگوں سے حلف لیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔