ممتا بنرجی نے مودی سے ملاقات کی، سپریم کورٹ کے زیر نگرانی پیگاسس پروجیکٹ کی انکوائری کا مطالبہ کیا
نئی دہلی، جولائی 27: آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے سپریم کورٹ سے نگرانی میں پیگاسس سے متعلق الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بنرجی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کو اس معاملے پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے کل جماعتی اجلاس طلب کرنا چاہیے۔
اس سے قبل پیر کو بنرجی نے ان الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک دو رکنی پینل تشکیل دیا تھا۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور وزیر اعلی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی ان ممکنہ اہداف میں سے ایک ہیں جنھیں پیگاسس اسپائی ویئر نے نشانہ بنایا تھا۔
آج بنرجی نے مودی سے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ اپریل-مئی میں مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے بعد یہ ان کی پہلی ملاقات تھی۔
بنرجی نے اس ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے وزیر اعظم سے ملک کی وبائی صورت حال کے بارے میں بات کی اور مغربی بنگال کے لیے مزید ویکسین اور دوائیوں کا مطالبہ کیا۔
بنرجی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم نے انہیں ریاست مغربی بنگال کا آفیشیل نام تبدیل کرنے کی تجویز پر غور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ معلوم ہو کہ 2018 میں مغربی بنگال اسمبلی نے ریاست کا نام تبدیل کرکے ’’بنگلہ‘‘ کرنے کی قرارداد پاس کی تھی۔ مارچ 2020 میں وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیانند رائے نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت کو یہ تجویز موصول ہوئی ہے۔
بنرجی کا قومی دارالحکومت دہلی کا یہ دورہ 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل حزب اختلاف کے اتحاد کے پیش نظر اہم قرار دیا جارہا ہے۔ انھوں نے آج صبح کانگریس قائدین کمل ناتھ اور آنند شرما سے بھی ملاقات کی۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے بھی انھیں بدھ کے روز ایک اجلاس کے لیے مدعو کیا ہے، جب کہ وہ جمعرات کو دہلی کے اپنے ہم منصب اروند کیجریوال سے ملاقات کریں گی۔
مغربی بنگال کے وزیر اعلی نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ صدر رام ناتھ کووند سے بھی ملنا چاہتی ہیں لیکن شاید وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہ ہوں کیوں کہ ان کے عہدیداروں نے آر ٹی-پی سی آر کی منفی رپورٹ طلب کی ہے۔