پاکستان: صوبہ سندھ میں دو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک
نئی دہلی، جون 7: دی ڈان کی خبر کے مطابق پاکستان کے صوبہ سندھ میں آج صبح دو مسافر ٹرینوں کے تصادم کے سبب کم از کم 30 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ ملت ایکسپریس ٹرین، جو کراچی سے سرگودھا جارہی تھی، پٹری سے اتر گئی اور مخالف ٹریک پر گر گئی۔ اس کے بعد راولپنڈی سے سفر کرنے والی سرسید ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔
تصادم سندھ کے ضلع گھوٹکی میں دھڑکی کے قریب ہوا۔ گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنر عثمان عبد اللہ نے بتایا کہ حادثے میں چھ سے آٹھ کمپارٹمنٹ مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جب کہ 13 سے 14 کمپارٹمنٹ پٹری سے اتر گئے۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور گھوٹکی، شارکی، اوبارو اور میر پور میتھیلو کے اسپتالوں میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا گیا۔ تاہم حکام نے الٹ جانے والے کمپارٹمنٹس میں پھنسے لوگوں تک پہنچنے میں دشواریوں کی اطلاع دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق قریب 15 سے 20 مسافر ابھی بھی ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں۔
عثمان عبد اللہ کے مطابق ’’یہ ایک مشکل کام ہے۔ مسافروں کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری کے استعمال میں وقت لگے گا۔ ہم مسافروں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک میڈیکل کیمپ بھی قائم کر رہے ہیں۔‘‘
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انھوں نے کہا ’’گھوٹکی میں آج صبح سویرے ہونے والے خوفناک ٹرین حادثے سے چونک گیا، جس میں 30 مسافر ہلاک ہوگئے۔‘‘
عمران خان نے وزیر ریلوے سے کہا ہے کہ وہ جائے وقوع پر پہنچیں اور زخمیوں کی طبی امداد کو یقینی بنائیں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کی امداد کریں اور ریلوے سیفٹی کی خرابیوں پر جامع تحقیقات کا حکم دیں۔