بی جے پی کے خلاف اتحاد کے لیے اپوزیشن پارٹیاں کرناٹک انتخابات کے بعد میٹنگ کریں گی: نتیش کمار
نئی دہلی، اپریل 30: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہفتے کے روز کہا کہ کرناٹک انتخابات کے بعد، 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف متحدہ لڑائی لڑنے کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈرز ایک میٹنگ کریں گے۔
کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’فی الحال کچھ لیڈر اسمبلی انتخابات میں مصروف ہیں۔ ایک بار جب یہ ختم ہو جائے گا، ہم اپنی میٹنگ کے مقام کو حتمی شکل دیں گے۔ اگر پٹنہ کو اجلاس کے اگلے مقام کے طور پر متفقہ طور پر چنا جاتا ہے تو ہمیں پٹنہ میں اس میٹنگ کا انعقاد کرنے میں خوشی ہوگی۔‘‘
کرناٹک انتخابات 10 مئی کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔
گذشتہ ہفتے نتیش کمار سے ملاقات کے بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ انھوں نے بہار میں ایک آل پارٹی میٹنگ منعقد کرنے کی درخواست کی ہے۔
بنرجی نے کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ وہ 2024 کے انتخابات سے پہلے بی جے پی کے خلاف متحد ہیں۔
نتیش کمار، جنھوں نے اگست میں بہار میں راشٹریہ جنتا دل اور کانگریس کے ساتھ نئی حکومت بنانے کے لیے بی جے پی سے تعلقات منقطع کیے تھے، اگلے سال کے عام انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اپریل میں ہی ممتا بنرجی کے علاوہ، نتیش کمار نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے سینئر لیڈر راہل گاندھی، عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقاتیں کیں۔ اس سے قبل انھوں نے بائیں بازو کی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تھی۔