’’میں مرکزی ایجنسیوں سے خوفزدہ نہیں‘‘: پونے وقف بورڈ میں مبینہ زمین کے گھوٹالے سے متعلق ای ڈی کے چھاپوں کے بعد نواب ملک نے کہا

نئی دہلی، نومبر 11: ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے اقلیتی ترقی کے وزیر نواب ملک نے آج کہا کہ وہ مرکزی ایجنسیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں، جب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پونے وقف بورڈ سے منسلک زمین گھوٹالے کے ایک مبینہ معاملے کے سلسلے میں چھاپے مارے۔ وقف بورڈ ان کی وزارت کے تحت آتا ہے۔

ملک نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ’’اخبارات میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اب نواب ملک مشکل میں پڑ جائیں گے کیوں کہ ای ڈی [انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ] نے ان کی وزارت سے متعلق کچھ معاملات اٹھائے ہیں۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ ای ڈی کا استقبال ہے اور ہم ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’اگر مرکزی ایجنسیوں کے خلاف ہماری شروع کی ہوئی لڑائی کی وجہ سے مجھے دھمکی دینے یا میری شبیہ کو خراب کرنے کی کوئی مہم چل رہی ہے، تو میں کہوں گا کہ مہاراشٹر حکومت، مہاراشٹر کے وزراء اور لیڈر مرکزی ایجنسیوں سے خوفزدہ نہیں ہوتے ہیں۔‘‘

مرکزی ایجنسی نے جمعرات کی صبح پونے میں سات مقامات اور اورنگ آباد میں ایک جگہ 10 کروڑ روپے کی بے قاعدگیوں کے مبینہ گھوٹالے کے سلسلے میں چھاپے مارے۔

اپنی پریس کانفرنس کے دوران ملک نے واضح کیا کہ وقف بورڈ کے دفتر پر چھاپہ نہیں مارا گیا۔

ملک نے کہا کہ ان کی وزارت اس مبینہ گھوٹالے پر پہلے ہی کارروائی کر چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلی اطلاع کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں پانچ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وزیر نے مزید کہا کہ تین لوگوں کو ضمانت مل گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میرے محکمہ کا چارج سنبھالنے کے بعد وقف بورڈ کو ایکٹ کے مطابق کام کرنے کی پوری آزادی حاصل ہے۔ مہاراشٹرا کی تاریخ میں پہلی بار وقف بورڈ کے 10 ارکان کا تقرر کیا گیا ہے۔ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ مہاراشٹر میں ایک مکمل وقف بورڈ ہے۔ اب ہمارے پاس بورڈ کا مستقل سی ای او بھی ہے۔

ملک نے مشورہ دیا کہ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما دیویندر فڑنویس تھے جن کی شکایت پر چھاپہ مارا گیا تھا انھوں نے کہا ’’ایجنسی صرف یہ واضح کر سکتی ہے کہ دیویندر فڑنویس نے شکایت کی ہے یا نہیں۔‘‘

اس سے قبل آج ہی فڑنویس کی بیوی امرتا فڑنویس نے ملک کو قانونی نوٹس بھیجا تھا اور دعوی کیا تھا کہ وزیر کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر ہتک آمیز ہیں۔

ملک نے اس سے قبل امرتا فڈنویس کی تصویریں جے دیپ رانا نامی شخص کے ساتھ شیئر کی تھیں، جس کے بارے میں انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اسے منشیات کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رانا کو ریور مارچ این جی او کی تخلیقی ٹیم نے رکھا تھا اور فڑنویس کا اس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس نے ایک گانا گایا تھا اور غیر سرکاری تنظیم کے لیے ایک میوزک ویڈیو شوٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ دیویندر فڑنویس اور ملک کے درمیان کشمکش جاری ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ممبئی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے خلاف کئی الزامات عائد کیے ہیں، جو گزشتہ ہفتے تک ممبئی ڈرگ کروز شپ کیس کی تحقیقات کر رہے تھے، جس میں اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان بھی شامل تھے۔

کئی الزامات کے درمیان ملک نے الزام لگایا ہے کہ وانکھیڑے نے درج فہرست ذات کے کوٹے کے تحت اپنی نوکری حاصل کرنے کے لیے جعلی دستاویزات کا استعمال کیا اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا افسر غیر قانونی طور پر فون ٹیپ کر رہا تھا۔