خام تیل، پیٹرول، ڈیزل، جیٹ فیول اور قدرتی گیس کو جی ایس ٹی کے تحت لانے کی کوئی تجویز نہیں: نرملا سیتارمن
نئی دہلی، مارچ 16: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کو کہا ہے کہ خام تیل، ہوا بازی ٹربائن ایندھن، پیٹرول، ڈیزل اور قدرتی گیس کو جی ایس ٹی کے تحت لانے کی حکومت کی کوئی تجویز نہیں ہے۔
لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں سیتارمن نے کہا کہ قانون کے مطابق جی ایس ٹی کونسل اس بات کی تجویز پیش کرے گی کہ ان اشیا کو جی ایس ٹی کے تحت لانا چاہیے۔ انھوں نے کہا ’’ابھی تک جی ایس ٹی کونسل، جس میں ریاستوں کی بھی نمائندگی ہے، نے جی ایس ٹی کے تحت ان سامانوں کو شامل کرنے کے لیے کوئی سفارش نہیں کی ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ تاہم ’’کونسل ان پانچ پٹرولیم مصنوعات کو شامل کرنے کے معاملے پر غور کر سکتی ہے، جب وہ محصول سے متعلق تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا کرنا مناسب سمجھے۔‘‘
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں نے رواں ماہ کے آغاز میں تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہمہ وقتی بلندیوں کو چھو لیا تھا۔ ٹیکس میں بھی کمی نہیں آئی تھی۔
اکنامک ٹائمز کے مطابق پیر کو نئی دہلی میں پیٹرول کی قیمت 77.96 روپے فی لیٹر رہی، جب کہ ڈیزل کی قیمت 68.97 روپے فی لیٹر ہے۔ ممبئی میں پیٹرول کی قیمت 85.77 روپے اور ڈیزل کی قیمت 73.43 روپے تھی۔
5 مارچ کو سیتارمن نے کہا تھا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو باہمی طور پر ایندھن پر ٹیکس کم کرنے کے بارے میں غور کرنا چاہیے، تاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی ریکارڈ ترین اعلی گھریلو قیمتوں کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔