دوبارہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے کے بجائے مرنا پسند کروں گا: نتیش کمار
نئی دہلی، جنوری 30: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو زور دے کر کہا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ دوبارہ اتحاد کرنے کے بجائے مرنا پسند کریں گے۔
جنتا دل (یونائیٹڈ) کے سربراہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر تیجسوی یادو اور اس کے بانی لالو پرساد یادو کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کے تناظر میں 2017 میں بی جے پی سے ہاتھ ملانے کا ان کا فیصلہ ایک غلطی تھی۔
معلوم ہو کہ تیجسوی یادو اس وقت نتیش کمار کے ساتھ کھڑے تھے جب انھوں نے یہ بیان دیا۔
اگست میں نتیش کمار دوبارہ بی جے پی چھوڑ کر عظیم اتحاد میں واپس آئے، جس کے بعد انھوں نے آٹھویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔
کمار نے بی جے پی کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا کہ وہ اگلے سال لوک سبھا انتخابات میں بہار میں 40 میں سے 36 سیٹیں جیت لے گی۔
نتیش کمار نے کہا کہ جب بی جے پی جے ڈی (یو) کے ساتھ اتحاد میں تھی تو وہ تمام علاقائی پارٹی کے حامیوں کے ووٹ حاصل کرتی تھی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان میں وہ مسلمان بھی شامل تھے جو بی جے پی کے نظریے سے ہمیشہ محتاط رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کمار کے تحت جے ڈی (یو) نے دو مواقع پر بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا ہے، لیکن بعد میں تعلقات توڑ لیے۔