بی جے پی کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے نتیش کمار نے راہل گاندھی سے ملاقات کی
نئی دہلی، ستمبر 6: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سے دہلی میں ان کے گھر پر ملاقات کی۔ میٹنگ کے بعد کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تاہم نتیش کمار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ خود کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
جب سے کمار نے 9 اگست کو بہار میں بی جے پی سے اتحاد توڑا اور اگلے ہی دن حکومت بنانے کے لیے مہاگٹھ بندھن، یا گرینڈ الائنس سے ہاتھ ملایا، بھگوا پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ جنتا دل (یونائیٹڈ) لیڈر اگلے وزیرِ اعظم بننا چاہتا ہیں۔
تاہم کمار نے بار بار ان دعوؤں کی تردید کی ہے لیکن کہا ہے کہ وہ قومی جمہوری اتحاد کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں کردار ادا کریں گے۔
3 ستمبر کو کمار نے دعویٰ کیا کہ اگر تمام اپوزیشن پارٹیاں متحد ہو جائیں تو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی 50 سیٹوں تک محدود ہو جائے گی۔
کمار کی، عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار اور جنتا دل (سیکولر) کے ایم ایل اے ایچ ڈی کمارسوامی سمیت کئی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی توقع ہے۔
بہار کے وزیر اعلیٰ بائیں بازو کی جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے جنھوں نے بہار میں ان کی حکومت کی حمایت کی ہے۔
31 اگست کو تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندرشیکھر راؤ نے پٹنہ میں کمار سے ملاقات کی اور ’’بھارتیہ جنتا پارٹی مکت بھارت‘‘ کا مطالبہ کیا۔
کمار سے ملاقات کے دوران انھوں نے اپوزیشن میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انھوں نے پٹنہ میں نامہ نگاروں سے کہا ’’تیسرا محاذ کیوں، ہم مرکزی محاذ پر کام کر رہے ہیں۔‘‘