چین سے لوٹا سر فراز دہشت گرد کے شبہ میں گرفتار

این آئی اے اور ممبئی پولیس کنٹرول روم کی اطلاع پر مشتبہ سرفراز کو اندور کے انٹیلی جنس ونگ نے دہشت گرد ہونے کے شبہ میں حراست میں لیا ،سر فراز لمبے عرصے تک چین میں مقیم رہا ہے

نئی دہلی ،28فروری :۔
چین میں لمبے عرصے تک قیام کے بعد ملک لوٹے سر فراز کو دہشت گرد ہونے کے شبہ میں پولیس کے انٹیلی جنس ونگ نے اندور سے حراست میں لیا ہے ۔ایجنسی کی اطلاع کے مطابق سر فراز مدھیہ پردیش کے اندور شہر کے چندن نگر تھانہ علاقے کا رہنے والا ہے ۔ حراست میں لئے جانے کے بعد پولیس کی جانب سے تمام معلومات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا سرفراز کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسے جھوٹا پھنسایا جا رہا ہے۔ سرفراز کو پولیس کے انٹیلی جنس ونگ نے این آئی اے اور ممبئی پولس کنٹرول روم کے ان پٹ کے بعد گرفتار کیا ہے۔ این آئی اے اور ممبئی پولیس کنٹرول روم کی اطلاع پر مشتبہ سرفراز کو اندور کے انٹیلی جنس ونگ نے دہشت گرد ہونے کے شبہ میں حراست میں لیا ہے۔ سرفراز متعدد زبانوں کا علم رکھتا ہے اور طویل عرصے سے چین میں مقیم رہا ہے۔
سرفراز کے پاسپورٹ سے یہ معلومات ملی ہیں کہ وہ ہانگ کانگ میں کافی عرصے تک رہا۔ اس بنیاد پر سرفراز کے اکاؤنٹس اور اس کے پورے بینک ریکارڈ کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا پولیس کو سرفراز کے سلسلے میں یہ بھی معلومات حاصل ہوئی ہے کہ اس نے چینی خاتون سے اس کی شادی کی تھی اور طلاق کی بھی اطلاع ملی ہے۔ اس پہلو کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس پورے معاملے میں پولیس سرفراز کو براہ راست دہشت گرد نہیں مان رہی ہے۔ لیکن مشکوک ہونے کی وجہ سے اسے تحویل میں لے کر ہر زاویئے سے سنجیدگی سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔