ناگاؤں میں گھروں کی مسماری: آسام حکومت نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ وہ 15 دنوں کے اندر ذمہ دار پولیس افسران کے خلاف کارروائی کرے گی

نئی دہلی، جنوری 4: آسام حکومت نے منگل کے روز گوہاٹی ہائی کورٹ کو بتایا کہ ان پولیس افسران کے خلاف 15 دنوں کے اندر مناسب کارروائی کی جائے گی جنھوں نے ناگاؤں ضلع میں مبینہ طور پر ایک پولیس اسٹیشن کو نذر آتش کرنے والے پانچ افراد کے گھروں کو منہدم کیا۔

ہائی کورٹ نے اس معاملے میں کی گئی کارروائی کی رپورٹ طلب کی اور کہا کہ اسے توقع ہے کہ پولیس ان لوگوں کو مناسب معاوضہ دے گی جن کے گھر گرائے گئے ہیں۔

21 مئی کو ایک ہجوم نے ناگاؤں کے بٹدروا پولیس اسٹیشن کو اس واقعے کے ایک دن بعد نذر آتش کر دیا تھا، جس میں ایک مچھلی کے تاجر محفوظ الاسلام کو مبینہ طور پر حراست میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اسلام کے اہل خانہ نے الزام لگایا تھا کہ پولیس نے اسے رہا کرنے کے لیے رشوت کے طور پر 10 ہزار روپے اور ایک بطخ کا مطالبہ کیا تھا۔ اسلام کی بیوی نے کہا ’’ہم صرف ایک بطخ دینا ہی برداشت کر سکتے تھے، اس لیے انھوں نے [پولیس نے] اسے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔‘‘

تھانے کو جلائے جانے کے ایک دن بعد پولیس نے پانچوں ملزمان کے گھروں کو مسمار کر دیا تھا۔ ہندوستانی قانون کے تحت کسی ملزم کے گھر کو مسمار کرنے کی کوئی دفعات نہیں ہیں لیکن یہ عمل بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی والی کئی ریاستوں میں باقاعدگی سے دیکھا گیا ہے۔

پولیس اسٹیشن کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں ملزموں میں سے ایک عاشق الاسلام 30 مئی کو مبینہ طور پر پولیس کی حراست سے فرار ہونے کی کوشش کرنے کے بعد ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

نومبر میں گوہاٹی ہائی کورٹ نے ان پانچوں افراد کے گھروں کو مسمار کرنے پر پولیس کی کھنچائی کی تھی۔ اس میں کہا گیا تھا کہ کسی فوجداری قانون کے تحت ’’تفتیش کی آڑ میں‘‘ مکانات کو مسمار کرنے کے لیے کھدائی کرنے والوں اور بلڈوزر کا استعمال کرنے کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔

چیف جسٹس آر ایم چھایا نے کہا تھا ’’ایسا لگتا ہے کہ اس ملک میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔‘‘