منی پور تشدد: کوکی پیپلز الائنس نے این بیرن سنگھ کی حکومت سے اپنی حمایت واپس لی

نئی دہلی، اگست 7: کوکی پیپلز الائنس نے اتوار کو ریاست میں نسلی تشدد کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی منی پور حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لی۔

پارٹی نے، جس کے 60 رکنی منی پور اسمبلی میں دو ایم ایل اے ہیں، گورنر انوسویا یوکی کو لکھے گئے خط میں حمایت واپس لینے کا اعلان کیا۔ بی جے پی کے پاس اسمبلی میں 32 سیٹیں ہیں۔

پارٹی نے کہا ’’موجودہ ہنگامے پر غور و فکر کے بعد منی پور کی موجودہ حکومت کے لیے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کی قیادت کے لیے حمایت اب نتیجہ خیز نہیں رہی۔ لہٰذا منی پور کی حکومت کو KPA [کوکی پیپلز الائنس] کی حمایت واپس لے لی جا رہی ہے اور اسے کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔‘‘

کوکی پیپلز الائنس مرکز میں حکمران نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کا رکن ہے۔ اس نے 18 جولائی کو دہلی میں اس اتحاد کی میٹنگ میں بھی شرکت کی تھی۔

منی پور میں 3 مئی سے کوکی اور اکثریتی میتی برادریوں کے درمیان نسلی جھڑپوں کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے، جہاں اب تک کم از کم 187 افراد ہلاک اور تقریباً 60,000 اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

منی پور کے کئی کوکی گروپوں نے سنگھ پر الزام لگایا ہے کہ وہ متشدد میتی گروپوں کی سرپرستی کر رہے ہیں، جو مئی سے ریاست میں تشدد کے کئی واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔ منی پور میں کئی اپوزیشن لیڈروں اور یہاں تک کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل ایز نے بھی سنگھ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، جن کا تعلق میتی کمیونٹی سے ہے۔