منی پور: تازہ تشدد میں پولیس افسر سمیت پانچ ہلاک

نئی دہلی، مئی 29: اتوار کو کم از کم پانچ افراد مارے گئے جب منی پور میں تازہ تشدد پھوٹ پڑا، جو 3 مئی سے جاری ہے۔

کاکچنگ کے ضلع کلکٹر ڈی سی سومرجیت سلام نے بتایا کہ سوگنو قصبے میں جھڑپوں کے دوران ایک پولیس افسر سمیت چار افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اتوار کی رات سے اب تک کسی تشدد کی اطلاع نہیں ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں منی پور کے وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے کہا کہ ایک شہری اس وقت مارا گیا جب ’’دہشت گردوں‘‘ نے امپھال مغربی ضلع کے فائینگ میں حملہ کیا۔

سنگھ نے یہ بھی کہا کہ ہفتہ سے وادی امپھال کے کچھ علاقوں میں شہریوں کے گھروں پر پرتشدد حملوں کی اطلاع ملی ہے۔

ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے تقریباً 30 افراد کو ہلاک کیا ہے، جنھیں انھوں نے عسکریت پسند قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ کریک ڈاؤن ریاست میں جوابی اور دفاعی کارروائیوں کے دوران شروع کیا گیا تھا کیوں کہ عسکریت پسند شہریوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

اتوار کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے خوارکپم رگھومنی سنگھ کے گھر میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی اور ان کی دو گاڑیوں کو امپھال ویسٹ کے یوریپوک میں آگ لگا دی گئی۔

تازہ تشدد کی اطلاع مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ریاست کے دورے سے ایک دن قبل سامنے آئی ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے جمعرات سے منی پور میں ہیں۔

شمال مشرقی ریاست میں پہلی بار 3 مئی کو تشدد اس وقت شروع ہوا جب آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین آف منی پور کی طرف سے اکثریتی مائتی کمیونٹی کو شیڈول ٹرائب کے زمرے میں شامل کرنے کے مطالبے کی مخالفت کرنے کے لیے منعقدہ احتجاجی مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔