مہاراشٹر: رائے گڑھ میں مٹی کے تودے گرنے سے 16 افراد ہلاک، شدید بارش کے باعث امدادی کارروائیاں ملتوی کر دی گئیں
نئی دہلی، جولائی 20: مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں بدھ کی رات مسلسل بارش کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے سے سولہ افراد ہلاک ہو گئے۔
مہاراشٹر کے وزیر صنعت ادے سامنت نے کہا کہ یہ واقعہ ضلع کے ارسال گڑھ گاؤں میں رات 10.30 بجے کے قریب پیش آیا۔
کم از کم 21 افراد کو بچا لیا گیا اور مزید افراد کے ملبے میں پھنسے ہونے کا شبہ ہے۔ تاہم جمعرات کی شام کو بھاری بارش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں کو روک دیا گیا ہے۔
سامنت نے کہا کہ ’’یہ ایک بہت دور دراز کا ناقابل رسائی علاقہ ہے جو بچاؤ کی کوششوں میں رکاوٹ ہے۔ مزید لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے اور این ڈی آر ایف [نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس] اور ضلع انتظامیہ لوگوں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی پانچویں بٹالین کے کمانڈنٹ ایس بی سنگھ نے بتایا کہ گاؤں کے 40 گھروں میں سے 17 ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
سنگھ نے کہا ’’ہم نے بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے چار ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ کچھ جگہوں پر ملبہ 10 سے 29 فٹ گہرا ہے۔ اس جگہ پر بھاری مشینری لانا مشکل ہے۔ مقام تک پہنچنے کے لیے 2.8 کلومیٹر کا سفر ہے اور ہمیں ملبہ کو دستی طور پر ہٹانا پڑتا ہے جس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ حالاں کہ ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، لیکن ہم آخری شخص کی بازیابی تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔‘‘
نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے کہا کہ گاؤں کی آبادی 200 سے زیادہ ہے اور ان میں سے تقریباً 80 کے زندہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تو ان میں سے کچھ کہیں اور تھے۔
فڑنویس نے یہ بھی کہا کہ مٹی کے تودے میں پھنسے لوگوں کی تعداد واضح نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موسلا دھار بارش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں آ رہی ہیں اور حکام اس بات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا زمین کو حرکت دینے والی مشینوں کو ہوائی جہاز سے گاؤں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے جمعرات کو جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔
2,200 سے زیادہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے کیوں کہ موسلا دھار بارش نے رائے گڑھ ضلع کے کچھ حصوں میں سیلاب جیسی صورت حال پیدا کر دی ہے۔
ضلع میں کم از کم 125 مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور رائے گڑھ کے 28 ڈیموں میں سے 17 پانی سے بھر گئے ہیں۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے بدھ کو تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ اضلاع میں جمعرات اور جمعہ کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا تھا۔ اورنج الرٹ 115.6 ملی میٹر سے 204.4 ملی میٹر کے درمیان بارش کی حد کے لیے ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممبئی کے لیے بھی یلو الرٹ جاری کیا ہے کیوں کہ شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 100 ملی میٹر کے قریب بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر کے سانتا کروز آبزرویٹری میں 99 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ کولابا میں واقع ساحلی آبزرویٹری میں جمعرات کی صبح 8.30 بجے تک 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پیلے رنگ کا انتباہ خراب موسمی حالات اور حالات کے ایسے خراب ہونے کے امکان کی نشان دہی کرتا ہے، جس سے روزمرہ کی زندگی میں خلل پڑتا ہے۔ شہری انتظامیہ نے ممبئی، تھانے، نوی ممبئی اور رائے گڑھ میں تمام نجی اور سرکاری اسکولوں کو جمعرات کو بھاری بارش کے پیش نظر بند رکھنے کو کہا ہے۔