آندھرا پردیش: آدیواسی شخص پر مبینہ طور پر حملہ اور پیشاب کرنے کے الزام میں چھ گرفتار

نئی دہلی، جولائی 20: آندھرا پردیش پولیس نے پرکاسم ضلع میں ایک آدیواسی شخص کے اوپر مبینہ طور پر پیشاب کرنے کے الزام میں تین نابالغوں سمیت چھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

مبینہ طور پر یہ واقعہ 19 جون کو ایک آدیواسی شخص کے نابالغ لڑکی کے ساتھ تعلقات پر جھگڑے کے بعد پیش آیا۔ مرکزی ملزم منم رامانجنیولو اور دیگر آٹھ لوگوں نے مبینہ طور پر آدیواسی آدمی موٹا نوین کو مارا پیٹا اور بحث کے بعد اس پر پیشاب کر دیا۔

پولیس سپرنٹنڈنٹ ملیکا گرگ نے کہا کہ رامانجنیولو اور نوین پہلے دوست تھے اور جائیداد سے متعلق کئی جرائم میں ایک ساتھ ملوث رہے ہیں۔ تاہم بعد میں وہ چوری شدہ اشیاء بانٹنے پر جھگڑے میں پڑ گئے۔

کہا جاتا ہے کہ دونوں کے درمیان دوستی مزید کشیدہ ہوگئی کیوں کہ نوین کے ایک لڑکی سے تعلقات تھے جو رامانجنیولو کے دوست سے تعلق رکھتی تھی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ نوین لڑکی کے ساتھ بھاگ گیا تھا، جس کے بعد بچوں کے تحفظ سے متعلق جنسی جرائم ایکٹ کے تحت اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

تاہم نوین نے مقدمہ درج ہونے کے بعد بھی لڑکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو جاری رکھا، جس سے رامانجنیولو اور اس کے دوستوں کو مزید غصہ آیا۔

پولیس نے کہا کہ کچھ دنوں کے بعد رامانجنیولو نے ان کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کے بہانے نوین کو فون کیا اور اسے پارٹی میں مدعو کیا۔ مرکزی ملزم اور اس کے آٹھ دوست اس کے بعد نوین اور اس کے بھائی راجہ کو ایک دور دراز جگہ لے گئے، جہاں انھوں نے ایک ساتھ شراب پی۔

ملزمین نے نشے کی حالت میں مبینہ طور پر نوین کو لاٹھیوں اور پتھروں سے مارا اور اس کے چہرے پر پیشاب کردیا۔

اگلے دن راجہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی لیکن پیشاب کرنے کے واقعے کے بارے میں مطلع نہیں کیا۔ تاہم پولیس کو تفتیش کے دوران واقعے کی ویڈیوز ملی ہیں جس کے بعد یہ کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

تعزیرات ہند اور درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس رامانجنیولو اور دو دیگر ملزمین کی تلاش کر رہی ہے۔

گرفتار بالغ ملزمین کی شناخت رائے پتی ابھیلاش، اے جے شنکر اور صادق کے طور پر کی گئی ہے۔ تینوں نابالغوں کو آبزرویشن ہوم بھیج دیا گیا ہے۔

یہ معاملہ مدھیہ پردیش کے سدھی ضلع میں پرویش شکلا نامی شخص کے خلاف دشمت راوت نامی آدیواسی شخص پر مبینہ طور پر پیشاب کرنے کا مقدمہ درج کیے جانے کے دو ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔ شکلا کو 4 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے خلاف مظالم کی روک تھام کے ایکٹ کے ساتھ ساتھ انڈین پینل کوڈ کی دفعات کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا جو امن کی خلاف ورزی کو بھڑکانے کے لیے فحش حرکات اور جان بوجھ کر توہین کرنے سے متعلق تھا۔