مہاراشٹر: مغل بادشاہ اورنگ زیب سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ پر 14 سالہ نوجوان کے خلاف مقدمہ درج

نئی دہلی، جون 10: مہاراشٹر پولیس نے بیڑ ضلع کے اشٹی قصبے میں ایک 14 سالہ لڑکے کے خلاف ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس کے مطابق لڑکے نے جمعرات کو ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں اس نے مبینہ طور پر مغل بادشاہ اورنگزیب کی تعریف کی تھی۔

بیڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نند کمار ٹھاکر نے کہا ’’[پوسٹ] کے سلسلے میں ایک شکایت موصول ہوئی تھی، جس کی بنیاد پر اشٹی پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کچھ مقامی ہندوتوا تنظیموں نے بند کی کال دی۔‘‘

اس لڑکے پر بعد ازاں تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی جس کا مقصد مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے اور عوامی فساد کو ہوا دینے والے بیانات سے متعلق ہے۔

پولیس نے کہا کہ یہ محسوس کرنے کے بعد کہ اس کی پوسٹ سے قصبے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوئی ہے، ممبئی میں رہنے والے لڑکے نے پیغام کو ڈیلیٹ کر دیا تھا اور اگر اس کے فعل سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو اس نے معافی مانگتے ہوئے ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کر دیا تھا۔

ٹھاکر نے کہا ’’لڑکے کو اس وقت حراست میں لیا جائے گا جب وہ شہر واپس آئے گا اور بچوں کے لیے اصلاح کی سہولت میں ریمانڈ کے لیے اسے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔‘‘

بیڑ میں یہ واقعہ ایک ایسے دن پیش آیا جب کولہاپور میں سوشل میڈیا پوسٹس پر ہونے والے احتجاج پرتشدد ہونے کے بعد 5 نابالغوں سمیت 41 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔