دہلی: اورنگ زیب لین کا نام تبدیل کر کے اے پی جے عبدالکلام لین رکھا گیا

نئی دلی، جولائی 6: دہلی میں اورنگ زیب لین کا نام بدل کر جمعرات کو سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کے نام پر رکھا گیا۔

نام کی تبدیلی کو نئی دہلی میونسپل کونسل یعنی این ڈی ایم سی نے 28 جون کو منظوری دی تھی۔

یہ لین عبدالکلام روڈ کو وسطی دہلی میں پرتھوی راج روڈ سے جوڑتی ہے۔ 2015 میں اورنگ زیب روڈ کا نام بدل کر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ کر دیا گیا تھا۔

این ڈی ایم سی کے وائس چیئرمین ستیش اپادھیائے نے کہا ’’لین سے متصل مرکزی سڑک کو پہلے اورنگ زیب روڈ کہا جاتا تھا لیکن کئی سال پہلے اس کا نام ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ رکھ دیا گیا تھا۔ سڑک کے ساتھ ایک لین ہے جو اب بھی اورنگ زیب کے نام پر ہے لیکن این ڈی ایم سی نے اب اس کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘

بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ لوگوں کے جذبات اور ’’ہمارے دور کے عظیم مردوں اور خواتین کو پہچاننے اور ان کی عزت کرنے کی ضرورت‘‘ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

پچھلے سال مئی میں بی جے پی کی دہلی یونٹ نے این ڈی ایم سی پر زور دیا تھا کہ وہ پانچ سڑکوں کا نام تبدیل کرے جو ’’مغل دور کی غلامی کی علامت‘‘ ہیں۔ ان سڑکوں میں تغلق روڈ، اکبر روڈ، اورنگ زیب لین، ہمایوں روڈ، شاہجہاں روڈ اور بابر لین شامل ہیں۔

بی جے پی نے تجویز دی تھی کہ ان سڑکوں کا نام سکھ گرو گوبند سنگھ، ہندو حکمران مہارانا پرتاپ، سابق صدر اے پی جے عبدالکلام، سنسکرت شاعر والمیکی، سابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور آزادی پسند خودی رام بوس کے نام پر رکھا جائے۔

نئی دہلی میونسپل کونسل، جو وسطی دہلی میں شہری سہولیات کی انچارج ہے، اس علاقے میں سڑکوں کا نام تبدیل کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ شہری ادارے کے قوانین کا کہنا ہے کہ نام تبدیل کرنے کی مشق میں تاریخ، جذبات اور کسی شخصیت کو اس طریقے سے تسلیم کرنے کی ضرورت کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ تاہم قواعد یہ بھی بتاتے ہیں کہ نام بدلنا ایک استثناء ہونا چاہیے۔