مدراس ہائی کورٹ نے ’’دراوڑی نظریہ کو مٹانے‘‘ کی ترغیب دینے کے لیے کنکلیو منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا
نئی دہلی، نومبر 6: مدراس ہائی کورٹ نے ’’دراوڑی آئیڈیالوجی کے خاتمے‘‘ کی ترغیب دینے والے ایک کنکلیو کی اجازت دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا ہے کہ ایک سے زیادہ عقائد کے نظام کا بقائے باہمی ہندوستان کی شناخت کا حصہ ہے۔
جسٹس جی جے چندرن نے 31 اکتوبر کو اپنے حکم میں کہا تھا کہ کسی کو بھی یہ حق نہیں ہے کہ وہ کسی نظریے کے خاتمے کے لیے اجلاس منعقد کرے۔
ہائی کورٹ نے یہ حکم مگیش کارتیکیان نامی ایک شخص کی درخواست کے جواب میں دیا، جس نے مطالبہ کیا کہ بنچ پولیس کو ہدایت دے کہ وہ ’’دراوڑی نظریات اور دیگر سماجی مسائل‘‘ پر ایک تقریب کی اجازت دے۔
تاہم عدالت نے یہ بھی سوال کیا کہ تمل ناڈو پولیس نے ریاست کے حکمراں دراوڑ منیترا کزگم کے ان ارکان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی، جنھوں نے مبینہ طور پر ’’سناتن دھرم کے خاتمے‘‘ کی ترغیب دینے کے لیے ایک اجلاس میں اشتعال انگیز تقاریر کی تھیں۔
سناتن دھرم ایک اصطلاح ہے جسے کچھ لوگ ہندو مت کے مترادف کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
جسٹس جے چندرن نے کہا کہ اقتدار میں رہنے والوں کو ’’تقسیم کے رجحان کو بھڑکانے والی تقاریر کے خطرے کا احساس ہونا چاہیے‘‘ اور ایسے خیالات پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے جو لوگوں کو نظریہ، ذات پات اور مذہب کے نام پر تقسیم کرتے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا ’’اس کے بجائے وہ نشہ آور مشروبات اور منشیات کو ختم کرنے پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ ہیں، اور بدعنوانی، چھوت چھات اور دیگر سماجی برائیوں ختم کرنے پر بھی۔‘‘
عدالت نے کہا کہ اگر درخواست گزار کی درخواست کو قبول کیا گیا تو اس سے امن عامہ میں مزید بگاڑ پیدا ہوگیا۔
جج نے کہا ’’کوئی بھی عدالتوں سے یہ توقع نہیں کر سکتا کہ وہ عوام میں بدخواہی پیدا کرنے کے خیالات کو پھیلانے میں ان کی مدد کریں۔‘‘