مرکزی حکومت نے دہلی کے لیفٹنینٹ گورنر کو مزید اختیارات دینے والے قانون کا گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کیا

نئی دہلی، اپریل 28: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل قومی دارالحکومت میں مؤثر طریقے سے اب سب سے زیادہ بااختیار ہیں اور وہی ’’حکومت‘‘ ہیں، کیوں کہ مرکز نے منگل کے روز قومی دارالحکومت علاقہ دہلی (ترمیمی) ایکٹ 2021 میں ترمیم شدہ حکومت کو مطلع کر دیا۔ مرکزی وزارت داخلہ نے یہ حکم ایک گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے جاری کیا۔ یہ ایکٹ 27 اپریل سے نافذ ہوگیا۔

صدر رام ناتھ کووند نے حزب اختلاف کے سخت احتجاج کے دوران، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس کی منظوری کے بعد 28 مارچ کو اس متنازعہ بل پر اپنی رضامندی ظاہر کی تھی۔ حزب اختلاف نے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اصلاحات ہندوستان کی جمہوریت کے وفاقی ڈھانچے کے خلاف ہیں۔

حزب اختلاف کے سخت احتجاج اور کانگریس کے واک آؤٹ کے باوجود راجیہ سبھا میں یہ بل 25 مارچ کو منظور کیا گیا تھا، جب کہ لوک سبھا اس سے قبل 22 مارچ کو اسے منظور کرچکا تھا۔

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کے بعد اسے ’’ہندوستانی جمہوریت کے لیے دکھ کا دن” قرار دیا تھا۔