کورونا وائرس: ایک دن میں سامنے آئے 3.6 لاکھ نئے معاملات اور درج ہوئیں ریکارڈ 3،292 اموات، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ کے پار

نئی دہلی، اپریل 28: ملک میں گذشتہ ایک دن میں ریکارڈ 3،60،960 نئے کورونا وائرس کیسز درج ہوئے ہیں، جو جنوری 2020 میں وبائی بیماری پھیلنے کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا یومیہ اضافہ ہے۔ ملک میں اب متاثرین کی کل تعداد 1،79،97،267 ہوگئی ہے۔

ملک میں مسلسل ساتویں دن 3 لاکھ سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں اور پہلی بار فعال معاملات کی تعداد تیس لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

دریں ثنا پہلی مرتبہ ایک دن میں 3،292 اموات ریکارڈ کی گئیں، جس کے بعد اب ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2،01،187 تک جاپہنچی ہے۔

ملک میں فی الحال 29،78،709 فعال معاملات ہیں، جب کہ 1،48،17،371 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔  ہندوستان میں اموات کی شرح 1.12 فیصد اور صحت یابی کی شرح 82.54 فیصد رہی۔

دریں اثنا ویکسینیشن کے تیسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن آج شام 4 بجے سے شروع ہوجائے گی۔ 18 سال سے زیادہ عمر کا ہر فرد یکم مئی سے ویکسین لے سکتا ہے، لیکن انھیں حکومت کے Co-WIN  پورٹل یا آروگیہ سیتو ایپ پر اپنا اندراج کرنا ہوگا۔

معلوم ہو کہ متعدد ریاستوں نے 18 سال سے زیادہ عمر والوں کو مفت ویکسین دینے کا اعلان کیا ہے، حالاں کہ بہت سوں نے قیمتوں میں کمی اور ویکسین کی قلت کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارت میں فی الحال جو ویکسین استعمال ہورہی ہیں وہ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی کوویشیلڈ اور بھارت بایوٹیک کی کوویکسین ہیں۔ روس کی سپوتنک وی ویکسین کی پہلا کھیپ، جس کو ہنگامی طور پر محدود ہنگامی استعمال کے لیے بھارت کے ڈرگ ریگولیٹر سے منظوری ملی ہے، توقع ہے کہ مئی کے آخر تک اس ملک میں پہنچ جائے گی۔