ہندوستانی وزیر اعظم مودی کے دورے سے قبل ان کی مخالفت میں ریلیاں نکالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی: ڈھاکہ پولیس
نئی دہلی، مارچ 18: ڈھاکہ ٹریبیون کی خبر کے مطابق ڈھاکہ میٹرو پولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم کے بنگلہ دیش دورے سے قبل ان (نریندر مودی) کے خلاف ریلیاں نکالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈھاکہ میٹرو پولیٹن پولیس کے قائم مقام کمشنر منیر الاسلام نے اتوار کے روز سیاسی جماعتوں سے بھی درخواست کی تھی کہ وہ 17 سے 26 مارچ کے درمیان ملک کے دارالحکومت میں کسی بھی پروگرام کا انعقاد نہ کریں تاکہ کسی قسم کی ٹریفک کی روک تھام سے بچا جاسکے۔ اسلام نے کہا ’’اگر کوئی سیاسی جماعت اس درخواست کی تعمیل کرنے میں ناکام رہتی ہے تو ہم انھیں غدار سمجھیں گے۔‘‘
ملک کے پہلے وزیر اعظم شیخ مجیب الرحمن کی 100ویں یوم پیدائش اور بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جبلی کے موقع پر وزیر اعظم مودی سمیت مختلف عالمی رہنما بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے۔
مجیب الرحمن کی سالگرہ 17 مارچ کو منائی جاتی ہے، جب کہ ملک کا یوم آزادی 26 مارچ کو منایا جاتا ہے۔ بنگلہ دیش نے بدھ کے روز اپنے 10 روزہ جشن کا آغاز کیا ہے، جس میں وزیر اعظم شیخ حسینہ نے رحمن کو خراج تحسین پیش کیا۔
دی ہندو کے مطابق مودی 26 مارچ کو دو روزہ دورے پر بنگلہ دیش جائیں گے۔ کورونا وائرس وبا کے پھیلنے کے بعد ان کا یہ پہلا غیر ملکی سفر ہے۔ وزیر اعظم اورکاندھی کے متوا مندر میں بھی پوجا کریں گے، جو مغربی بنگال کی متوا برادری کے لیے مقدس ہے۔ وزیر اعظم کے اس عمل کو مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل ایک سیاسی داؤ مانا جارہا ہے۔
ہندوستان کی وزارت برائے امور خارجہ نے بتایا کہ 26 مارچ کو قومی دن کے پروگرام کے دوران مودی مہمان خصوصی ہیں۔ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبد المومن نے بتایا کہ پروگرام میں ہندوستانی وزیر اعظم تقریر بھی کریں گے، وزیر اعظم شیخ حسینہ سے بات چیت کریں گے اور صدر محمد عبدالحمید سے ملاقات کریں گے۔‘‘
مومن نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مودی کے دورے کے دوران تین مفاہمت ناموں پر دستخط کرنے کا بھی امکان ہے۔ سکریٹری برائے امور خارجہ مسعود بن مومن نے کہا کہ دونوں ممالک کے کچھ اداروں کے مابین ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور تعاون کے شعبے میں ایم او یو پر دستخط ہونے کا امکان ہے۔
بدھ کے روز مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد بھی تین روزہ دورے پر ڈھاکہ پہنچے ہیں۔ وہ افتتاحی تقریبات کے مہمان خصوصی تھے۔ سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجپکسا بھی جمعہ کو دو روزہ دورے پر ڈھاکہ پہنچیں گے۔
وزیر خارجہ مومن نے کہا کہ اس موقع پر چینی صدر شی جنپنگ، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون ، جاپانی وزیر اعظم یوشیہائیڈ سوگا اور دیگر عالمی رہنما اور بین الاقوامی تنظیمیں ویڈیو پیغامات بھیجیں گی۔