بنگلورو میں اپوزیشن کی دوسری میٹنگ کے لیے 24 سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مدعو کیا گیا

نئی دہلی، جولائی 13: 24 اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے مقابلہ کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے اگلے ہفتے بنگلورو میں ہونے والی دوسری میٹنگ کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

تاہم عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ وہ اجلاس میں شرکت کے بارے میں تب ہی فیصلہ کرے گی جب کانگریس مرکز کے اس آرڈیننس پر اپنا موقف واضح کرے گی جس نے اروند کیجریوال کی قیادت والی دہلی حکومت سے انتظامی خدمات کا کنٹرول چھین لیا ہے۔

پٹنہ میں 23 جون کو اپوزیشن کی پہلی میٹنگ ہوئی تھی، جس میں 15 پارٹیوں کے لیڈروں نے شرکت کی تھی۔ میٹنگ کے بعد AAP نے اعلان کیا تھا کہ جب تک کانگریس عوامی طور پر آرڈیننس کی مخالفت نہیں کرتی ہے، تب تک اس کے لیے کسی ایسے اتحاد کا حصہ بننا ’’بہت مشکل‘‘ ہوگا جس میں کانگریس شامل ہو۔

مرومالارچی دراوڑ منیترا کزگم، کونگو دیسا مکل کچی، ودوتھلائی چروتھائیگل کچی، انقلابی سوشلسٹ پارٹی، آل انڈیا فارورڈ بلاک، انڈین یونین مسلم لیگ، کیرالہ کانگریس (جوزف) اور کیرالہ کانگریس (مانی) نئی جماعتیں ہیں جو 17 جولائی کو بنگلورو میں اس دوسری میٹنگ میں شامل ہوں گی۔

مرومالارچی دراوڑ منیترا کزگم اور کونگو دیسا مکل کچی 2014 کے انتخابات میں بی جے پی کے اتحادی تھے۔

اگلے ہفتے ہونے والی میٹنگ میں غیر بی جے پی پارٹیاں اپوزیشن محاذ کے لیے ایک نام اور سیٹوں کی تقسیم کی تفصیلات پر تبادلۂ خیال کر سکتی ہیں۔ کانگریس لیڈر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی بھی اس میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

ان 24 اپوزیشن پارٹیوں کے پاس اس وقت لوک سبھا کے لگ بھگ 150 ممبران ہیں اور وہ اپنی بنیاد کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

لیکن تجربہ کار رہنما شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور ان کے بھتیجے اجیت پوار کا مہاراشٹر میں حکمراں ایکناتھ شندے- بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں شامل ہونا اپوزیشن کے اس اتحاد کی راہ میں رکاوٹ بن گیا ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے تاہم اصرار کیا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں ’’فسطائی اور غیر جمہوری طاقتوں کو شکست دینے کے اپنے غیر متزلزل عزم‘‘ میں ثابت قدم رہیں۔