کیرالہ کے ایک بشپ کا دعویٰ ہے کہ مسلمانوں نے ’’نارکوٹکس جہاد‘‘ شروع کیا ہے، ریاستی سیاسی لیڈران اور عوام نے اس بیان کی مذمت کی
نئی دہلی، ستمبر 11: کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجیان اور کانگریس قائدین نے جمعہ کے روز ایک کیتھولک بشپ کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس نے کہا کہ ریاست میں مسلمانوں نے ایک ’’نارکوٹک جہاد‘‘ (نشے کا جہاد) شروع کیا ہے جس نے دیگر مذہبی گروہوں کے ارکان کو منشیات کا عادی بننے پر آمادہ کیا ہے۔
سائرو مالابار کیتھولک چرچ کے پالائی علاقے کے بشپ جوزف کلرنگاٹ نے بدھ کو تبصرہ کیا تھا کہ ’’نشہ آور جہاد غیر مسلموں بالخصوص نوجوانوں کی زندگی خراب کرنے کی سرگرمی ہے۔ آئس کریم پارلرز، ہوٹلوں اور جوس کارنرز میں مختلف قسم کی دوائیں استعمال کی جا رہی ہیں جو کہ سخت جہادی چلاتے ہیں۔ وہ غیر مسلموں کو خراب کرنے کے لیے مختلف قسم کی ادویات کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔‘‘
بدھ کے روز ضلع کوٹیم کے مارتھ مریم پلگرم چرچ سے خطاب کرتے ہوئے کلرنگاٹ نے ’’محبت جہاد‘‘ کا حوالہ بھی دیا، جو کہ ایک سازشی نظریہ ہے جسے اب تک ہندوتوا کارکنوں نے بڑے پیمانے پر ہوا دی ہے۔ بشپ کا الزام ہے کہ ’’لو جہاد‘‘ کے ذریعے ہندو خواتین کو زبردستی شادی کے ذریعے مسلم مذہب میں تبدیل کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ فروری 2019 میں مرکز نے لوک سبھا کو بتایا تھا کہ کسی بھی مرکزی ایجنسی کی طرف سے ’’لو جہاد‘‘ کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
اس کے باوجود کلرنگاٹ نے بدھ کے روز دعویٰ کیا کہ کیرالہ کے نوجوانوں کو ’’لو جہاد‘‘ اور ’’نارکوٹک جہاد‘‘ کی وجہ سے بے مثال بحران کا سامنا ہے۔
بشپ نے دعویٰ کیا کہ بہت سے لوگوں نے ’’نشہ آور جہاد‘‘ کی وجہ سے منشیات کا عادی بننے کے بعد اپنی ملازمتیں کھو دی ہیں اور پڑھائی چھوڑ دی ہے۔ بشپ نے یہ بھی الزام لگایا کہ ’’جہادی‘‘ ’’دوسرے ہتھیار‘‘ استعمال کر رہے ہیں کیوں کہ وہ بھارت جیسے جمہوری ملک میں اسلحہ استعمال کر کے غیر مسلم کمیونٹیز کو تباہ نہیں کر سکتے۔
بشپ نے مزید کہا ’’جب ایجنڈا مذہب پھیلانا اور غیر مسلموں کا خاتمہ ہوتا ہے تو اس ایجنڈے کو حاصل کرنے کے طریقے مختلف صورتوں میں ظاہر ہوتے ہیں۔‘‘
بشپ نے اپنے دعووں کی حمایت کے لیے کسی ثبوت کا حوالہ دیے بغیر بین المذاہب شادیوں کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔
دی ہندو کے مطابق بشپ نے کہا ’’مختلف برادریوں کے ایک مرد اور عورت کا ایک دوسرے سے محبت کرنے میں کیا غلط ہے یہ پوچھنا ایک سادہ سا سوال ہے۔ لیکن اس طرح کی شادیاں کیسے ہو رہی ہیں اور بعد میں ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے یہ واقعی ایک بڑا سوال ہے۔ خواتین کو اپنے ایمان سے سمجھوتے اور پھر دہشت گردی کی طرف لے جایا جاتا ہے۔ ہمارا اعتراض یہی ہے۔‘‘
جمعہ کو وجین نے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نشہ آور چیزوں کی لت کا مسئلہ کسی خاص مذہب کو متاثر نہیں کرتا۔
کیرالہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف وی ڈی ستھیسن نے بھی بشپ کے تبصروں کی مذمت کی۔ ایک فیس بک پوسٹ میں کانگریس لیڈر نے کہا کہ کمیونٹی اور روحانی رہنماؤں کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں جو ریاست میں لوگوں کے درمیان امن اور باہمی اعتماد میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ذات اور مذہب کی بنیاد پر جرائم کی تعداد کو شمار کرنا اور اس کے لیے کسی خاص کمیونٹی کو مورد الزام ٹھہرانا ایک سنگین غلطی ہے۔
دریں اثنا کوٹیم میں مقیم ایک تنظیم جس کا نام مہلّو مسلم رابطہ کمیٹی ہے، نے بشپ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے کے تحت پولیس کارروائی کی مانگ کی ہے۔
یہ شق مذہب، نسل، جائے پیدائش، رہائش اور زبان وغیرہ کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے سے متعلق ہے۔