کانوریوں نے مبینہ طور پر اوور ٹیک کرنے پر ایک فوجی کو مار ڈالا

نئی دہلی، جولائی 28: پی ٹی آئی نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ ایک 25 سالہ سپاہی کو، جو اتر پردیش کے کانوریوں کے ایک گروپ کا حصہ تھا، بدھ کے روز ہریانہ کے کانوریوں نے ہریدوار میں ہلاک کر دیا۔

کانور یاترا کے دوران، ایک سالانہ یاترا جس میں ہندو دیوتا شیو کے عقیدت مند اتراکھنڈ کے ہریدوار میں دریائے گنگا سے پانی جمع کرتے ہیں اور اسے اپنی ریاستوں کے مندروں میں پیش کرتے ہیں، کانوریے کہلانے والے یہ عقیدت مند سیکڑوں کلومیٹر پیدل چلتے ہیں۔

ہریدوار کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) پرمیندر ڈوبھال نے بدھ کے روز مرنے والے شخص کی شناخت کارتک کے طور پر کی، جو ہندوستانی فوج کی جاٹ رجمنٹ کا سپاہی تھا۔

ڈوبھال نے بتایا کہ مظفر نگر ضلع کے سیسولی گاؤں کا رہنے والا کارتک، اپنے گروپ کے دیگر ارکان کے ساتھ گنگا سے پانی لانے کے بعد ہریدوار سے واپس آ رہا تھا۔

پولیس کے مطابق کارتک کا گروپ اور ہریانہ کے کانوریے موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور آپس میں ریس لگا رہے تھے۔ کارتک کے دوسرے گروپ سے آگے نکلنے کے بعد، انھوں نے اس پر لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے حملہ کیا۔

ڈوبھال نے مزید کہا کہ کارتک، جو سالانہ کانور یاترا میں شرکت کے لیے چھٹی پر تھا، ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس نے قتل کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ملزمین کی شناخت 38 سالہ سندر، 30 سالہ راہل، 25 سالہ سچن، 21 سالہ آکاش، 22 سالہ پنکج اور 24 سالہ رنکو کے طور پر کی گئی ہے۔ ڈوبھال نے کہا ’’یہ سبھی ہریانہ کے پانی پت ضلع کے چلکانہ گاؤں سے ہیں۔‘‘

ڈوبھال نے اے این آئی کو بتایا کہ پولس نے 20 مزید یاتریوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

اس سال کنور یاترا 14 سے 26 جولائی تک منعقد کی گئی تھی۔ اس کا انعقاد کورونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے دو سال بعد کیا گیا تھا۔