کفیل خان کو اتر پردیش قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے سماج وادی پارٹی نے اپنا امیدوار نامزد کیا
نئی دہلی، مارچ 17: ہندوستان ٹائمز نے بدھ کو اطلاع دی کہ سماج وادی پارٹی نے اتر پردیش قانون ساز کونسل کے آئندہ انتخابات کے لیے گورکھپور کے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر کفیل خان کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی کے قومی سکریٹری راجیندر چودھری نے اخبار کو بتایا کہ کفیل خان دیوریا-کشی نگر سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ کونسل کی 36 نشستوں کے لیے انتخابات 9 اپریل کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 12 اپریل کو ہوگی۔
نومبر میں کفیل خان کو اتر پردیش حکومت نے ان کی خدمات سے برطرف کر دیا تھا۔ وہ گورکھپور کے بابا رگھو داس میڈیکل کالج میں پیڈیاٹرک وارڈ کے سربراہ تھے، جہاں اگست 2017 میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے تریسٹھ بچے ہلاک ہو گئے تھے۔
کفیل خان کو 2017 میں معطل کیا گیا تھا اور طبی غفلت، بدعنوانی اور ڈیوٹی میں لاپرواہی کے الزام میں نو ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ بعد میں انھیں الہ آباد ہائی کورٹ نے اپریل 2018 میں ضمانت دی تھی۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ کیس کے سلسلے میں خان کے خلاف طبی غفلت کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
ستمبر 2019 میں اتر پردیش کی حکومت نے خان کو تمام الزامات سے بری کر دیا اور جان بچانے میں مدد کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے پر ان کی تعریف کی۔ تاہم اسی سال حکومت نے خان کو ضلع بہرائچ کے ایک ہسپتال میں مریضوں کا زبردستی علاج کرنے کے الزام میں دوبارہ معطل کر دیا۔
منگل کو کفیل خان نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی اور انھیں گورکھپور ہسپتال سانحہ پر لکھی گئی اپنی کتاب کی ایک کاپی پیش کی۔