میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ انسانی حقوق اور صحافت کی آزادی کے لیے بات چیت کی: جو بائیڈن
نئی دہلی، ستمبر 11: نئی دہلی میں G20 سربراہی اجلاس کے اختتام کے چند گھنٹے بعد ریاستہائے متحدہ کے صدر جو بائیڈن نے اتوار کو کہا کہ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے انسانی حقوق کا احترام کرنے اور آزاد پریس کو یقینی بنانے کی ضرورت کے بارے میں بات کی۔
بائیڈن نے یہ بیان اتوار کی شام ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں دیا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ان کی اور مودی کے درمیان اس بات پر کافی بات چیت ہوئی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو کس طرح مضبوط کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا ’’اور، جیسا کہ میں ہمیشہ کرتا ہوں، میں نے انسانی حقوق کے احترام کے اہم [موضوع] اور ایک مضبوط اور خوش حال ملک کی تعمیر میں سول سوسائٹی اور صحافت کی آزاد کے اہم کردار پر زور دیا۔‘‘
بائیڈن نے مجوزہ ہندوستان-مشرق وسطی-یورپ اقتصادی راہداری کو ایک اہم نئی شراکت داری کے طور پر بیان کیا جو ’’اس پورے کوریڈور کے ذریعے تبدیلی کی اقتصادی سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع کھولے گا۔‘‘
9 ستمبر کو ہندوستان، امریکہ، یورپی یونین، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے درمیان راہداری کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔ یہ منصوبہ عالمی بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری کے لیے شراکت داری کا حصہ ہے۔ G7 ممالک ترقی پذیر ممالک میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو فنڈ دیں گے۔ اس تعاون کو چین کے زیر انتظام بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔
اس راہداری میں ہندوستان، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اردن، اسرائیل اور یورپ کے درمیان سامان اور خدمات کی نقل و حمل کے قابل بنانے والا ریل لنک شامل ہوگا۔
7 ستمبر کو وائٹ ہاؤس نے تجویز دی تھی کہ ہندوستان نے امریکی صدر کے نئی دہلی کے دورے کے دوران میڈیا تک بہتر رسائی کے لیے اس کی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے۔ اس کے بعد کہا گیا تھا کہ وہ ویتنام میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
دریں اثنا بائیڈن تک پریس رسائی کی اجازت نہ دینے پر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے پیر کو کہا کہ اس کا امریکی صدر پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
رمیش نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’’مسٹر بائیڈن ویتنام میں وہی باتیں کہہ رہے ہیں جو انھوں نے بھارت میں مسٹر مودی کے منہ پر کہی ہیں۔‘‘