جموں وکشمیر: رام بن میں تین آئی ای ڈیز برآمد، بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا : پولیس
نئی دہلی، اکتوبر 13: پولیس نے جموں وکشمیر کے ضلع رام بن کے گول علاقے میں تین آئی ای ڈیز کو برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گولہ بارود سے بھرے تین پیکٹ ، 49 راؤنڈ بیٹری، ڈیٹونیٹر اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے رام بن ضلع میں عسکریت پسندوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا تے ہوئے سیکورٹی فورسز نے تین آئی ای ڈیز اور دوسرے قابل اعتراض مواد کو برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ عسکریت پسند ضلع میں بڑے پیمانے پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم سیکورٹی فورسز نے ان کے خطرناک عزائم کو ناکام بنا کر ایک بہت بڑے حادثے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹال دیا۔
افسر نے بتایا کہ بیگ سے تین بڑے پلوں کی تصاویر بھی برآمد ہوئی جس سے صاف لگ رہا ہے کہ عسکریت پسندان پلوں کو نشانہ بنانے کی تاک میں تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد بدھ کو دیر رات گول رام بن کے بشرا دھرم جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
اُن کے مطابق تلاشی آپریشن کے دوران جنگل سے بارودی مواد سے بھرے چھ پیکٹ ،49راؤنڈ سیفٹی فیوز ، بیٹری ، ڈیٹونیٹر، 20میٹر تار سمیت دیگر ممنوعہ چیزیں برآمد کی ہیں۔
سینئر آفیسر نے بتایا کہ بم ناکارہ بنانے والی ٹیم نے بیگ سے تین آئی ای ڈیز بھی برآمد کیں اور اس ضمن میں کیس درج کرکے ملوثین کی تلاش شروع کی گئی ہے۔
دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ رام بن کے جنگلی علاقے میں بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ضلع بھر میں سیکورٹی کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جگہ جگہ ناکوں کا جال بچھایا گیا جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔