جموں و کشمیر کے ایک پولیس افسر کو ’’ملک دشمن سمجھ کر‘‘ مندر کے سیکیورٹی گارڈ نے گولی مار کر ہلاک کیا
نئی دہلی، ستمبر 22: گریٹر کشمیر کی رپورٹ کے مطابق کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ایک مندر میں ایک پولیس افسر کو ایک سکیورٹی گارڈ نے اسے ’’ملک دشمن سمجھ کر‘‘ گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب افسر منگل کی رات کو زبردستی مندر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس افسر، جس کی شناخت اجے دھر کے نام سے ہوئی ہے، علاج کے دوران دم توڑ گیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے کہا ’’(گارڈ کی طرف سے) فائرنگ کرنے کے باوجود وہ اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر دروازے پر دستک دیتا رہا۔ یہ غلط شناخت کا واضح معاملہ ہے کیونکہ گارڈ نے سمجھا کہ یہ حملہ تھا۔‘‘
ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دھر نے اس وقت ائیر فون لگایا تھا جب وہ مندر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور اپنے ساتھیوں کو نہیں سن سکتا تھا۔ چوں کہ اس نے کوئی جواب نہیں دیا، لہٰذا مندر میں ڈیوٹی پر موجود سیکورٹی گارڈ نے اس پر گولی چلائی۔