جموں و کشمیر: مجرمانہ سازش کے کیس میں ضمانت ملنے کے ایک دن بعد صحافی سجاد گل پر پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج
نئی دہلی، جنوری 17: دی کشمیر والا نے رپورٹ کیا کہ صحافی سجاد گل پر اتوار کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ معلوم ہو کہ ایک دن قبل ہی جموں و کشمیر کی عدالت نے مجرمانہ سازش کے ایک مقدمے کے سلسلے میں انھیں ضمانت دی تھی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے دی کشمیر والا کو الزامات کی تصدیق کی اور کہا کہ گل کو جموں کی کوٹ بھلوال جیل بھیج دیا گیا ہے۔
15 جنوری کو عدالت نے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ گل کو 30 ہزار روپے کے مچلکے پر رہا کیا جائے اگر وہ کسی اور جرم میں ملوث نہیں ہے۔ عدالت نے گل کو یہ بھی ہدایت کی تھی کہ وہ تفتیشی افسر کے ساتھ تعاون کریں اور بغیر اجازت مرکز کا زیر انتظام علاقہ نہ چھوڑیں۔
گل کے وکیل عمیر این رونگا نے کہا ہے کہ وہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے الزامات کو ختم کرنے کے لیے جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے جب انھیں اس بات کا پتہ چل جائے گا کہ صحافی پر کس بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
صحافی کو سب سے پہلے 6 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا جب اس نے لشکر طیبہ کے کمانڈر سلیم پرے کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جو سرینگر کے مضافات میں ایک گولی باری میں اس کی موت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
3 جنوری کو ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں خواتین کو احتجاج کے دوران حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ان کی گرفتاری کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی، کئی صحافیوں کی تنظیموں نے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا اور کشمیر میں صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن پر تشویش کا اظہار کیا۔