جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ’غیر تسلی بخش پیش رفت‘ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے صفورا زرگر کا داخلہ منسوخ کر دیا
نئی دہلی، اگست 30: جامعہ ملیہ اسلامیہ نے 2020 دہلی فسادات کیس میں گرفتار اسکالر صفورا زرگر کا داخلہ منسوخ کر دیا ہے۔
زرگر پر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ استغاثہ نے الزام لگایا تھا کہ اس نے 23 فروری 2020 کو ایک ’’اشتعال انگیز تقریر‘‘ کی، جس کی وجہ سے شمال مشرقی دہلی میں تشدد اور فسادات ہوئے، جس میں اگلے تین دنوں میں کم از کم 53 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔
زرگر کو جون 2020 میں انسانیت کی بنیادوں پر ضمانت دی گئی تھی کیوں کہ وہ حاملہ تھیں۔
پیر کو زرگر نے ٹویٹر پر شیئر کیا کہ یونیورسٹی نے ان کا داخلہ منسوخ کر دیا ہے۔ وہ مربوط ایم فل-پی ایچ ڈی پروگرام میں سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں اسکالر تھیں۔
26 اگست کو ایک نوٹیفکیشن میں ڈین (سوشل سائنسز کی فیکلٹی) کے دفتر نے کہا کہ زرگر کی ترقی کی رپورٹ کو سپروائزر نے غیر اطمینان بخش قرار دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’’اسکالر نے مقررہ زیادہ سے زیادہ مدت کی میعاد ختم ہونے سے پہلے بطور خاتون اسکالر توسیع کے لیے درخواست نہیں دی۔ اس اسکالر نے اپنا ایم فل مقالہ پانچ سمسٹر کے زیادہ سے زیادہ مقررہ وقت کے اندر جمع نہیں کرایا اور ایک اضافی سمسٹر کووڈ ایکسٹینشن بھی اسے دیا گیا، جو 6 فروری 2022 کو ختم ہوا۔‘‘
“In anticipation of the approval of the same of the Faculty committee”
The usually snail-paced Jamia admin moving at light speed to cancel my admission, foregoing all due process.
Let it be known, it breaks my heart but not my spirit. pic.twitter.com/2t0Nos9qiK
— Safoora Zargar (@SafooraZargar) August 29, 2022
ڈین کے دفتر نے بتایا کہ زرگر کے خلاف یہ کارروائی 5 جولائی کو ریسرچ ایڈوائزری کمیٹی اور 22 اگست کو ڈیپارٹمنٹل ریسرچ کمیٹی کی سفارش پر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ بورڈ آف اسٹڈیز نے ان کا داخلہ منسوخ کرنے کی منظوری دی ہے۔
پیر کو زرگر نے کہا کہ اس فیصلے سے ’’میرا دل ٹوٹا ہے، لیکن میری روح نہیں۔‘‘
صفورا نے ٹویٹر پر لکھا ’’عام طور پر سست رفتار جامعہ ایڈمن میرا داخلہ منسوخ کرنے کے لیے تیز رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے، تمام مقررہ عمل کو نظرانداز کرتے ہوئے۔‘‘
گذشتہ ہفتے زرگر نے ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ایم فل تھیسس جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی ان کی درخواست کو آٹھ ماہ کے لیے روک دیا گیا ہے۔
24 اگست کو اس نے جامعہ کی وائس چانسلر نجمہ اختر کو خط لکھا تھا، جس میں الزام لگایا تھا کہ انتظامیہ کی طرف سے انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔
خط میں لکھا گیا تھا ’’جب کہ یو جی سی نے مسلسل پانچ کوویڈ ایکسٹینشنز دی ہیں، لیکن مجھے صرف ایک ہی دی گئی ہے۔ مجھے خواتین اسکالر کے زمرے کے تحت توسیع کے لئے درخواست دینے پر مجبور کیا گیا اور صرف ’’غیر اطمینان بخش پیش رفت‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مہینوں کے بعد اس سے انکار کردیا گیا۔ یہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی طرف سے وضع کردہ رہنما خطوط کی صریح خلاف ورزی ہے اور سپروائزر اور شعبے کے ناپاک عزائم کا مظہر ہے۔‘‘