چندریان 3 کامیابی کے ساتھ چاند پر اترا

نئی دہلی، اگست 23: ہندوستان نے بدھ کو چاند کے قطب جنوبی حصے کے قریب اترنے والا پہلا ملک بن کر تاریخ رقم کی۔

انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے چندریان 3 خلائی جہاز نے شام 6.04 بجے چاند پر سافٹ لینڈنگ کی۔

خلائی ایجنسی کے سربراہ ایس سوماناتھ نے مشن کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’’ہندوستان چاند پر ہے۔ یہ ایک ترقی پذیر پیش رفت ہے اور یقینی طور پر ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔‘‘

ایک آربیٹر، لینڈر اور روور کے ساتھ یہ خلائی جہاز 14 جولائی کو سری ہری کوٹا کے ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا تھا۔ توقع ہے کہ یہ دو ہفتوں تک کام کرے گا اور چاند کی سطح کا کیمیائی تجزیہ کرے گا۔

اس سے پہلے صرف تین ممالک امریکہ، سابقہ سوویت یونین اور چین کامیابی کے ساتھ چاند کی سطح پر خلائی جہاز اتار چکے ہیں۔

چندریان 3 کے چاند پر اترنے کو یوٹیوب پر 7 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا اور ملک بھر میں اس کا جشن منایا گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے جنوبی افریقہ سے ویڈیو کال کے ذریعے لینڈنگ کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی پرچم لہرایا، جہاں وہ برکس ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

جوہانسبرگ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے سائنس دانوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان کی کامیابی پوری انسانیت سے تعلق رکھتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’’یہ ہمیشہ کے لیے قابل قدر لمحہ ہے۔ ہم نئے ہندوستان کی نئی پرواز کے گواہ ہیں۔ نئی تاریخ لکھی گئی ہے۔‘‘

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ چندریان 3 کی چاند پر سافٹ لینڈنگ ’’ہر ہندوستانی کی اجتماعی کامیابی‘‘ ہے۔

وہیں یورپی خلائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل جوزف اسچباکر نے چندریان 3 کی کامیابی کو ایک ’’ناقابل یقین‘‘ واقعہ قرار دیا۔

انھوں نے کہا کہ ’’نئی ٹکنالوجیوں کا مظاہرہ کرنے اور چاند پر ہندوستان کی پہلی سافٹ لینڈنگ کو حاصل کرنے کا کیا ہی اچھا طریقہ ہے۔ بہت ہی خوب، میں نہایت متاثر ہوں۔‘‘

یہ کارنامہ کرنے کی گذشتہ چار سالوں میں یہ ہندوستان کی دوسری کوشش تھی۔

2019 میں چندریان-2 ناکام ہو گیا تھا، جب سائنسدانوں کا ٹچ ڈاؤن سے کچھ لمحوں پہلے لینڈر سے رابطہ ٹوٹ گیا۔ یہ تازہ ترین کوشش 47 سال کے وقفے کے بعد روس کے پہلے چاند مشن کے چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہونے کے چند دن بعد کامیاب ہوئی ہے۔

نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن اور دیگر ایجنسیوں نے چاند کے قطب جنوبی حصے پر جمے ہوئے پانی کے نشانات کا پتہ لگایا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ کسی بھی انسانی بستی کے لیے اس برف تک رسائی اہم ہے۔

2008 میں ہندوستان کے چندریان 1 مشن نے قطبی خطوں میں چاند کے پانی کے مالیکیولز کی دریافت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔