دفعہ 370 کی منسوخی پر سماعت: مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ شمال مشرقی ریاستوں کی خصوصی حیثیت کو تبدیل نہیں کرے گی

نئی دہلی، اگست 23: مرکز نے بدھ کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس کا ملک کی شمال مشرقی ریاستوں پر لاگو آئین میں خصوصی دفعات کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے یہ بیان آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے دوران دیا۔

چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں پانچ ججوں کی بنچ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور سابقہ ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلوں کو چیلنج کرنے والی 20 سے زیادہ درخواستوں کی سماعت کر رہی ہے۔

مہتا نے کہا کہ دفعہ 370 ایک عارضی شق تھی اور اس سے اس طرح کا کوئی خدشہ نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت شمال مشرق کے علاقوں پر لاگو خصوصی دفعات کو تبدیل کر سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا خصوصی دفعات کو ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ’’اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ کوئی اندیشہ نہیں ہے اور خوف پیدا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

آئین کی دفعہ 371 کے تحت شقیں شمال مشرقی ریاستوں، بنیادی طور پر میزورم، ناگالینڈ، آسام، منی پور اور میگھالیہ کے کچھ حصوں میں قبائلی برادریوں اور ثقافتوں کو تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ وہ ایک خاص حد تک انتظامی خود مختاری کے ساتھ مرکزی حکومت سے آزاد حکمرانی کی بھی اجازت دیتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ جب مرکز اپنی پوزیشن واضح کر دے گا تو وہ خدشات کو دور کرنے کے معاملے میں نہیں پڑے گی۔ اس کے بعد اس نے ایک انٹرلاکیوٹری درخواست کو نمٹا دیا جس نے ان خدشات کو جنم دیا تھا۔