میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ میں اتر پردیش میں وزارتِ اعلیٰ کی امیدوار ہوں: پرینکا گاندھی
نئی دہلی، جنوری 22: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اے این آئی کو بتایا کہ وہ یہ نہیں کہہ رہی ہیں کہ وہ اتر پردیش سے پارٹی کی وزیرِ اعلیٰ کی امیدوار ہیں۔
ان کا یہ تبصرہ اس کے بعد آیا، جب جمعہ کو پوچھا گیا کہ امیدوار کون ہوگا، تو انھوں نے جواب دیا تھا ’’آپ کو یوپی میں ہر جگہ میرا چہرہ نظر آتا ہے، کیا آپ نہیں دیکھ سکتے؟‘‘
آج انھوں نے اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’’میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ میں (سی ایم کا) چہرہ ہوں، میں نے چڑچڑےپن میں کہا تھاکہ (آپ میرا چہرہ ہر جگہ دیکھ سکتے ہیں) کیوں کہ آپ سب ایک ہی سوال بار بار پوچھ رہے تھے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ پارٹی نے ’’کچھ جگہوں پر‘‘ وزیر اعلیٰ کے امیدواروں کا فیصلہ کیا ہے، لیکن دوسری جگہوں پر انھوں نے ایسا نہیں کیا۔
واضح رہے کہ پرینکا گاندھی پارٹی کی اتر پردیش یونٹ کی انچارج ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ آیا وہ بھارت کی سب سے بڑی ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیں گی یا نہیں۔ ’’جب فیصلہ ہو جائے گا تو آپ کو پتا چل جائے گا۔‘‘
اتحاد کے بارے میں گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی کے علاوہ کسی بھی تنظیم کے ساتھ اتحاد کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیے دروازہ بند ہے لیکن دوسری پارٹیوں کے لیے کھلا ہے۔ انھوں نے کہا ’’سماج وادی پارٹی اور بی جے پی ایک ہی طرز کی سیاست پر عمل پیرا ہیں کیوں کہ وہ اسی قسم کی سیاست سے فائدہ اٹھا رہے ہیں… جو پارٹیاں فرقہ پرستی اور ذات پرستی کی بنیاد پر آگے بڑھتی ہیں، ان کا صرف یہی ایجنڈا ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ وہ یہ پیشین گوئی کرنے کی کوشش نہیں کریں گی کہ انتخابات کون جیتے گا، یہ کہتے ہوئے کہ ایسا کرنا ’’نادانی‘‘ ہے۔ انھوں نے کہا ’’میں مستقبل نہیں بتا سکتی۔‘‘
اتر پردیش میں 10 فروری سے شروع ہونے والے انتخابات میں سات مرحلوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ نتائج 10 مارچ کو سامنے آئیں گے۔