کیرالہ میں ’’انسانوں کی قربانی‘‘ کا معاملہ: عدالت نے 3 ملزمان کو عدالتی حراست میں بھیجا

نئی دہلی، اکتوبر 12: کوچی شہر کے پولیس کمشنر نے بدھ کے روز کہا کہ کیرالہ میں تین افراد، جن پر ’’مالی خوش حالی کے لیے رسمی انسانی قربانی‘‘ کے حصے کے طور پر دو خواتین کو قتل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے، انھوں نے متاثرین کے کچھ اعضا کو کھایا بھی ہے۔

مقتولہ خواتین، روزلی اور پدم، دونوں ایرناکولم کی رہائشی تھیں اور روزی روٹی کے لیے لاٹری ٹکٹ فروخت کرتی تھیں۔ روزلی جون سے لاپتہ تھی، جب کہ پدم 26 ستمبر کو لاپتہ ہوئی تھی۔

ان کی لاشوں کو منگل کے روز پٹھانامتھیٹا ضلع کے ایلانتھور گاؤں میں بھگوال سنگھ اور لیلا کے نام سے شناخت کیے گئے ایک جوڑے کے گھر سے نکالا گیا۔

پولیس نے اس جوڑے کو ایک شخص کے ساتھ گرفتار کیا ہے جس کی شناخت محمد شفیع عرف رشید کے نام سے ہوئی ہے جو پیرمبور کا رہنے والا ہے۔

ایرناکولم کی ایک مجسٹریٹ عدالت نے بدھ کو انھیں 14 دن کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔

ایک پریس کانفرنس میں کوچی سٹی پولس کمشنر سی ایچ ناگاراجو نے کہا کہ وہ کینیبلزم کے زاویے سے اس کیس کی تفتیش کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’’اس بات کا امکان ہے کہ ملزمان نے مقتولین کو قتل کرنے کے بعد ان کے جسم کے اعضا کھا لیے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اس الزام کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

ناگاراجو نے کہا کہ پولیس نے دونوں خواتین کی لاشوں کے تمام حصے برآمد کر لیے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا ’’مقتولہ خواتین میں سے ایک کے جسم کے حصے تین گڑھوں سے برآمد ہوئے جہاں انھیں دفن کیا گیا تھا۔‘‘

ناگاراجو نے کہا کہ ’’قتل وحشیانہ تھے، خواتین کو لاپتہ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر قتل کر دیا گیا تھا۔ قتل کا انداز ناقابل بیان ہے۔‘‘