نفرت انگیز تقاریر: سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کو چارج شیٹ ریکارڈ پر رکھنے کی ہدایت دی

نئی دہلی، فروری 20: سپریم کورٹ نے پیر کے روز دہلی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ قومی راجدھانی میں دھرم سنسد یا مذہبی اجتماع میں کی گئی نفرت انگیز تقاریر کے معاملے میں دائر کی جانے والی چارج شیٹ کو ریکارڈ پر رکھے۔

چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ نے یہ ہدایت اس وقت دی جب ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کے ایم نٹراج نے، جو پولیس کی طرف سے پیش ہوئے، عدالت کو بتایا کہ کیس کی تحقیقات ایک اعلی درجے کے مرحلے پر ہے اور حکام ملزمان کے آواز کے نمونوں پر فارنسک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔

نٹراج نے مزید کہا کہ پولیس جلد ہی اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کرے گی۔

بنچ نفرت انگیز تقاریر کے خلاف کارروائی کی درخواستوں کے ایک بیچ کی سماعت کر رہی تھی۔ موجودہ عرضی کارکن تشار گاندھی نے دائر کی ہے، جس نے الزام لگایا ہے کہ دہلی پولیس نے ہجومی تشدد کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں تحسین پونا والا کے فیصلے میں جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کی ہے۔

تحسین پونا والا کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے مرکز اور ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ مقدمے کی سماعت کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کریں، متاثرین اور ان کے لواحقین کے لیے عبوری ریلیف کے لیے ایک معاوضہ کی اسکیم بنائیں اور ان افسران کے لیے جو لنچنگ کے واقعات سے ٹھیک طرح سے نمٹ نہیں پاتے، سروس رولز میں تجویز کردہ حد سے زیادہ تادیبی کارروائی کریں۔

پیر کو سپریم کورٹ کے سامنے یہ مقدمہ 19 دسمبر 2021 کو ہندو یووا واہنی کے زیر اہتمام ایک تقریب میں نفرت انگیز تقریر کے واقعات سے متعلق تھا۔

جنوری میں سپریم کورٹ نے دہلی پولیس پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی تھی کہ اس نے اپنی تحقیقات میں ’’کوئی واضح پیش رفت‘‘ نہیں کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 14 اپریل کو داخل کیے گئے ایک حلف نامہ میں دہلی پولیس نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ ہندو یووا واہنی کے پروگرام میں کوئی مسلم مخالف تقریر نہیں کی گئی تھی، جس کے بعد عدالت نے دہلی پولیس کو ایک ’’بہتر حلف نامہ‘‘ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔