گجرات اسمبلی انتخابات: بی جے پی کے سابق وزیر جے نارائن ویاس کانگریس میں شامل
نئی دہلی، نومبر 28: گجرات کے سابق وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما جے نارائن ویاس نے ریاست میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے سے تین دن قبل پیر کو کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔
جے نارائن ویاس کے بیٹے سمیر ویاس نے بھی ایک تقریب میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس تقریب میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے احمد آباد میں شرکت کی۔
جے نارائن ویاس نے 5 نومبر کو بی جے پی کو چھوڑ دیا تھا۔ سابق وزیر نے اے این آئی کو بتایا کہ ’’تنظیم میں بیٹھے لوگ الیکشن لڑنے کے خواہش مند ہیں اور دھڑے بندی میں ملوث ہیں۔ وہ لیڈروں کو ہٹانے اور تبدیل کرنے کے لیے ایک ایک کرکے نشانہ بنا رہے ہیں۔‘‘
اس وقت نارائن نے کہا تھا کہ وہ سدھ پور حلقہ سے الیکشن لڑیں گے لیکن آزاد امیدوار کے طور پر نہیں۔
پیر کی پیش رفت اس وقت ہوئی جب بی جے پی نے گذشتہ ہفتے اپنی پارٹی کے 19 رہنماؤں کو الیکشن لڑنے کے لیے آزاد امیدوار کے طور پر نامزدگی داخل کرنے پر معطل کر دیا تھا۔
معطل کیے گئے بی جے پی رہنماؤں میں سابق ایم ایل اے ہرشد وساوا، نرمدا ضلع کی نندود اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑنے والے ایک آدیواسی لیڈر، جوناگڑھ کے کیشود حلقہ سے اروند لڈانی، پدرا اسمبلی حلقہ سے دنیش پٹیل، واگھودیا سے مدھو شریواستو اور ساولی سے کلدیپ سنگھ راولجی شامل ہیں۔
گجرات میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ 5 دسمبر کو ہوگی، جب کہ ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتھ ہی 8 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔