گوہاٹی ہائی کورٹ نے کاچھر خاندان کو غیر ملکی قرار دینے والے ٹربیونل کے حکم کو کالعدم قرار دیا

نئی دہلی، نومبر 30: گوہاٹی ہائی کورٹ نے گذشتہ ہفتے غیر ملکیوں کے ٹربیونل کے آسام کے کاچھر ضلع کے پانچ باشندوں کو غیر ملکی قرار دینے کے ایک حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ ثابت کرنے کا ایک اور موقع دیا جائے کہ وہ ہندوستانی ہیں۔

ٹربیونل نے جنوری 2018 میں یک طرفہ حکم (خاندان کے دلائل سنے بغیر) پاس کیا تھا۔ متاثرہ شخص، راجندر داس اور اس کے خاندان کے افراد نے اس حکم کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

جسٹس این کوٹیشور سنگھ اور ملاسری نندی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اگر خاندان ان دستاویزات کی صداقت کو ثابت کرنے کے قابل ہے جو انھوں نے ہائی کورٹ میں پیش کیے ہیں تو ان کا یہ دعویٰ قانونی ہو سکتا ہے کہ وہ ہندوستانی ہیں۔ داس نے 1965 اور 1971 کی ووٹر لسٹیں جمع کرائی تھیں، جن میں اس کے والدین کے ناموں کا ذکر تھا اور اس کی بیوی رینوبالا کے ساتھ اس کا نکاح نامہ بھی ان دستاویزات میں شامل ہے۔

عدالت نے نوٹ کیا کہ شہریت کے ذریعے ہی کوئی شخص بنیادی حقوق اور آئین کی طرف سے عطا کردہ دیگر حقوق سے لطف اندوز ہو سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ شہریت سے محروم کیا جانے والا شخص بے وطن قرار دیا جائے گا اگر کوئی دوسرا ملک اسے اپنا شہری تسلیم کرنے سے انکار کرتا ہے۔ کسی بھی شخص کے لیے شہریت کی سب سے بڑی اہمیت اور ضرورت یہی ہے۔‘‘

بنچ نے کہا کہ ٹربیونلز کو شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد ہی اپنی رائے دینی چاہیے نہ کہ ڈیفالٹ کے ذریعے۔

عدالت نے داس اور اس کے خاندان کو 24 دسمبر یا اس سے پہلے ٹربیونل کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی۔

قبل ازیں درخواست گزار کے وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ داس خراب صحت کی وجہ سے 2018 میں ٹربیونل کے سامنے پیش نہیں ہو سکے تھے۔ وکیل نے مزید کہا کہ ٹربیونل کے حکم کا ان کے خاندان پر اثر پڑے گا۔

ستمبر میں ایک الگ کیس میں گوہاٹی ہائی کورٹ نے اسی طرح کے ایک حکم کو کالعدم قرار دیا تھا اور درخواست گزار کو ٹربیونل کے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت کی تھی۔

اگست 2019 میں آسام میں شہریوں کے قومی رجسٹر کی حتمی فہرست شائع کی گئی تھی۔ 19 لاکھ سے زیادہ لوگ اس حتمی فہرست سے باہر رہ گئے، جو آسام کی کل آبادی کا تقریباً 6 فیصد ہیں۔ باہر رہ جانے والوں میں سے کچھ نے غیر ملکیوں کے ٹربیونلز میں اپنے اخراج کے خلاف اپیل کی ہے۔