فلائنگ سکھ کے نام سے مشہور ملکھا سنگھ کا 91 سال کی عمر میں انتقال

چندی گڑھ، 19 جون: فلائنگ سکھ کے نام سے مشہور اسپرنٹر ملکھا سنگھ جمعہ کے روز رات ساڑھے گیارہ بجے پی جی آئی، چندی گڑھ میں پوسٹ کوویڈ کمپلیکیشنز کے سبب فوت ہوگئے۔ وہ 91 سال کے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملکھا سنگھ کو کووڈ کے علاج کے لیے 3 جون کو پی جی آئی میں داخل کیا گیا تھا اور جب 13 جون کو وہ کووڈ نیگیٹو ہو گئے تو انھیں کووڈ ہسپتال سے میڈیکل آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا۔

جمعہ کے روز ان کی حالت تشویشناک ہوگئی جب انھیں بخار اور آکسیجن لیول میں کمی کی شکایات ہوئیں۔ ملکھا سنگھ نے 20 مئی کو مثبت تجربہ کیا تھا اور انھیں 24 مئی کو نمونیا ہونے کی وجہ سے نجی اسپتال منتقل کرنے سے قبل گھر میں تنہائی میں رکھا گیا تھا۔ 30 مئی کو انھیں وہاں سے ان کے اہل خانہ کی درخواست پر فارغ کردیا گیا تھا، لیکن 3 جون کو آکسیجن کی سطح میں کمی کے بعد انھیں پی جی آئی کووڈ اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔

ان کے بیٹے جیو ملکھا سنگھ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے ’’انتہائی افسوس کے ساتھ ہم آپ کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ملکھا سنگھ جی 18 جون 2021 کو رات 11.30 بجے انتقال کر گئے۔ انھوں نے سخت جدوجہد کی لیکن خدا کے اپنے راستے ہیں اور یہ واقعی سچی محبت اور رفاقت تھی کہ ہماری والدہ نرمل جی اور اب والد صاحب 5 دن کے دورانیے میں ہی انتقال کر گئے ہیں۔‘‘

معلوم ہو کہ ملکھا سنگھ کی اہلیہ نرمل کور، ​​ہندوستانی خواتین والی بال ٹیم کی سابق کپتان، 14 جون کو کووڈ سے متعلق پیچیدگیوں کے سبب فوت ہوگئی تھیں۔ وہ اپنی اہلیہ کے آخری رسومات میں شریک نہیں ہوسکے تھے کیوں کہ وہ اس وقت پی جی آئی میں آئی سی یو میں داخل تھے۔