سی بی ایس ای نے کلاس 12 کے نتائج کی تیاری میں اسکولوں کی مدد کے لیے نئی ہدایات جاری کیں
نئی دہلی، جون 19: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے جمعہ کو کلاس 12 کے نتائج کی تیاری میں اسکولوں اور رزلٹ کمیٹیوں کی مدد کے لیے رہنما اصول جاری کیے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایک آئی ٹی سسٹم تیار کیا جارہا ہے جو کلاس 12 کے نتائج کے حساب کتاب کے لیے تمام اسکولوں کو مہیا کیا جائے گا۔
سی بی ایس ای کے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق ’’یہ نظام حساب کتاب کے کام کو آسان کردے گا، وقت بچائے گا اور بہت ساری پریشانیوں کو دور کرے گا۔ اس میں سی بی ایس ای سے پاس ہونے والے طلبا کے 10ویں جماعت کے نمبر بھی شامل ہوں گے۔‘‘
سی بی ایس ای آئندہ ہفتے سے 10ویں اور 12ویں جماعت کے نتائج کے تیاری میں اسکولوں کی مدد کے لیے ایک ہیلپ ڈیسک بھی قائم کرے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسکولوں کو صرف ان طلبا کے لیے 10ویں کلاس کے تھیوری کے نمبر فراہم کرنا ہوں گے جنھوں نے دوسرے بورڈز سے کلاس 10 پاس کیا ہو۔ اسکولوں کو یہ نمبرات، ساتھ ہی کلاس 11 کے آخری تھیوری امتحان کے نمبرات اور کلاس 12 کے مجوزہ یونٹ ٹیسٹ، مڈٹرم اور پری بورڈ پر مبنی نمبرات کو سوفٹ فارم میں رکھنے کے لیے کہا گیا ہے۔
21 جون کو صحیح اعداد و شمار کو یقینی بنانے کے لیے کلاس 10 کے رول نمبر، بورڈ اور سال کے بارے میں معلومات کی تازہ کاری کے لیے ایک پورٹل بھی تیار کیا جائے گا۔ اس کے بعد سافٹ ویئر کے دوسرے ماڈل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ سی بی ایس ای نے اسکولوں کو رزلٹ کمیٹی بنانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔
اس پالیسی کو سمجھنے اور اسکولوں کی مدد کے لیے زیادہ پوچھے گئے سوالات اور طریقۂ کار کی کچھ مثالیں بھی فراہم کی جائیں گی۔