فاروق عبد اللہ نے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے مذاکرات کا مطالبہ کیا

سرینگر، فروری 22: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ نے اتوار کے روز جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ بات چیت کا مطالبہ کیا ہے۔

انھوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے ان الفاظ کا حوالہ دیا کہ ’’آپ اپنے دوستوں کو بدل سکتے ہیں لیکن اپنے پڑوسیوں کو نہیں۔‘‘

عبداللہ نے گذشتہ ہفتے سرینگر میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے ذریعہ دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا ’’ان (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے دعوے کے برخلاف (جموں و کشمیر میں) دہشت گردی اب بھی موجود ہے۔ اگر ہم اسے ختم کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنے پڑوسی سے بات کرنی ہوگی۔‘‘

عبد اللہ نے واجپئی کے الفاظ کو یاد کرتے ہوئے کہا ’’یا تو ہم دوستی بڑھائیں گے اور خوش حال ہوں گے یا دشمنی جاری رکھیں گے تو کبھی خوش حالی نہیں آئے گی۔‘‘

نیشنل کانفرنس لیڈر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر میں بھی پاکستان کے ساتھ چین جیسی پالیسی اپنائے۔

عبداللہ نے کہا ’’میں حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ وہی روش اپنائے جو اس نے لداخ کے معاملے پر چین کے ساتھ اپنائی۔۔۔جموں و کشمیر کو اس (دہشت گردی) سے نکالنے کے لیے بھی یہاں اسی چیز کی ضرورت ہے۔‘‘