الیکشن کمیشن نے اسمبلی انتخابات سے قبل ریلیوں پر پابندی میں نرمی کی، روڈ شوز پر پابندی جاری رہے گی

نئی دہلی، فروری 6: الیکشن کمیشن نے اتوار کو قریب ہی انتخاب سے گزرنے والی ریاستوں میں سیاسی ریلیوں اور انڈور اور آؤٹ ڈور میٹنگز پر پابندیوں میں نرمی کی۔

پینل نے بند جگہوں پر اجلاس یا میٹنگ کے لیے 50 فیصد صلاحیت کی حد اور کھلی جگہوں پر 30 فیصد صلاحیت کی حد ’’یا سماجی دوری کے اصولوں کی ضرورت کے مطابق ڈی ای او [ضلع انتخابی افسر] کے ذریعے طے کی گئی زیادہ یا کم‘‘ حد مقرر کی ہے۔

31 جنوری کو الیکشن کمیشن نے 1,000 لوگوں پر مشتمل ریلیوں اور 500 لوگوں پر مشتمل انڈور میٹنگز کی اجازت دی تھی۔

کمیشن نے اتوار کو یہ بھی کہا ہے کہ روڈ شوز پر پابندی برقرار رہے گی۔ کمیشن نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ یہ پابندی کب تک نافذ رہے گی۔

وہیں 20 افراد تک گھر گھر مہم میں حصہ لے سکتے ہیں، جیسا کہ 31 جنوری سے جاری ہے۔ رات 8 بجے سے صبح 8 بجے تک انتخابی مہم چلانے پر پابندی بھی برقرار رہے گی۔

کھلے میدانوں میں ریلیاں صرف ان جگہوں پر منعقد کی جا سکتی ہیں جو خاص طور پر ضلعی حکام کی طرف سے نشان زد کی گئی ہیں اور اس طرح کے پروگرام ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی تمام شرائط کی تعمیل سے مشروط ہوں گے۔

ریلیوں کے منتظمین کو لوگوں کے درمیان مناسب دوری کو یقینی بنانے کے لیے بیٹھنے کے انتظامات کرنے کی ضرورت ہے اور ماسک کا استعمال ہر وقت لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کمیشن نے کہا ہے کہ ریلیوں کے تمام داخلی راستوں پر سینیٹائزر اور تھرمل اسکریننگ کے انتظامات ہونے چاہئیں۔ رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ ’’داخلی راستے کے ساتھ ساتھ ریلی کے علاقے کے اندر ہینڈ سینیٹائزرز کی مناسب تعداد رکھی جانی چاہیے۔‘‘

گوا، پنجاب، منی پور، اتراکھنڈ اور اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات 10 فروری سے 7 مارچ کے درمیان سات مرحلوں میں ہوں گے۔ نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔