فلسطین اور اسرائیل میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر بھرپور کوشش کی جانے چاہیے: مصر کے صدر

نئی دہلی، مارچ 8: مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان فلسطینی علاقوں میں امن قائم کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر بھرپور کوششیں کرنے پر زور دیا۔

ژنہوا خبر رساں ایجنسی نے مصری ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سیسی نے بدھ کو دورہ پر آئے ہوئے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ بیانات دیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں کئی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی، جن میں دہائیوں سے جاری فلسطین-اسرائیل تنازعہ بھی شامل ہے۔

سیسی نے یک طرفہ اقدامات کو روکنے پر زور دیا اوردو ریاستی حل کو ’’علاقے کے لوگوں کے فائدے کے لیے منصفانہ اور جامع امن کے حصول کا راستہ‘‘ قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران، جس میں مصر کے وزیر دفاع محمد ذکی نے بھی شرکت کی سیسی نے ’’امریکہ کے ساتھ مصر کے مختلف شعبوں، خاص طور پر فوج اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید تیز کرنے کے عزم پر زور دیا۔‘‘

آسٹن نے مشرق وسطیٰ میں مصر کے کلیدی کردار کو ’’ایک عقلی اور ذمہ دار استحکام بخش قوت‘‘ کے طور پر سراہتے ہوئے مصر کے ساتھ اپنے تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔