دہلی میں 2,423 نئے کووڈ 19 کیسز درج ہوئے
نئی دہلی، اگست 8: دہلی میں اتوار کو 2,423 نئے کووڈ 19 کیسز درج کیے گئے اور شہر کی مثبت شرح 14.97 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا کہ یہ مثبت شرح 22 جنوری کے بعد سب سے زیادہ تھی، جب یہ 16.4 فیصد تھی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے دو افراد کی موت ہوئی، جس کے بعد جنوری 2020 میں وبائی مرض شروع ہونے کے بعد سے دہلی میں مجموعی اموات تعداد 26,330 ہوگئی۔
یہ لگاتار پانچواں دن ہے، جب روزانہ کووڈ 19 متاثرین کی تعداد 2,000 سے زیادہ رہی۔ گذشتہ سات دنوں سے قومی راجدھانی میں مثبت شرح 10 فیصد سے زیادہ ہے۔
اے این آئی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں اس بیماری کے لیے کل 16,186 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا۔
ریاستی صحت کے بلیٹن کے مطابق فی الحال دہلی میں 95.06 فیصد CoVID-19 بستر خالی ہیں۔ ہسپتالوں میں کل 464 افراد کورونا وائرس کے لیے زیر علاج ہیں، جن میں سے 157 انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں ہیں۔
دہلی میں فی الحال 8,045 فعال کورونا وائرس کیسز ہیں اور کیسز میں اموات کی شرح 1.34 فیصد ہے۔
فروری میں اومیکرون لہر کے ختم ہونے کے بعد دہلی میں کورونا وائرس کے معاملات میں کمی آئی تھی، لیکن اپریل میں یہ دوبارہ بڑھنا شروع ہو گئے تھے۔ قومی دارالحکومت نے مئی اور جون میں انفیکشن کی تعداد میں اتار چڑھاؤ کی اطلاع دی، لیکن جولائی کے آخر سے کیسز دوبارہ بڑھتے جا رہے ہیں۔