دہلی: 2021 میں روہنی کورٹ میں شوٹنگ کے ملزم گینگسٹر کا تہاڑ جیل میں قتل
نئی دہلی، مئی 3: جیل میں بند گینگسٹر سنیل مان عرف ٹِلّو تاجپوریا کو منگل کی صبح دہلی کی تہاڑ جیل کے اندر حریف گینگ کے ارکان نے مبینہ طور پر قتل کر دیا۔
تاجپوریا کو گینگسٹر جتیندر گوگی کے قتل کے سلسلے میں جیل میں بند کیا گیا تھا، جسے 2021 میں شہر کی روہنی عدالت میں وکلا کے لباس میں ملبوس مردوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ شوٹر، جو مبینہ طور پر تاجپوریا کی قیادت میں گینگ کے لیے کام کرتے تھے، پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارے گئے تھے۔
منگل کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس (مغربی) اکشت کوشل نے کہا کہ تاجپوریا کو دین دیال اپادھیائے اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔
ایک اور شخص روہت کا علاج چل رہا ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔
پولیس نے بتایا کہ یوگیش نامی قیدی اور حریف گروہ کے دیگر ارکان نے تاجپوریا پر حملہ کیا۔ کوشل نے کہا کہ یوگیش اور گینگ کے دیگر ارکان نے اس لوہے کی گرل کو توڑ دیا جس نے تاپوریا کے سیل کو ان سے الگ کر دیا۔
حکام نے بتایا کہ چاروں حملہ آوروں نے تاجپوریا کے فلور پر چڑھنے کے لیے بیڈ شیٹ کا استعمال کیا۔
حکام نے بتایا کہ تاجپوریا پر ہائی سکیورٹی جیل میں تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ظاہر ہوا ہے کہ جسم پر زخموں کے 92 نشانات تھے۔
دریں اثنا قومی انسانی حقوق کمیشن نے دہلی حکومت اور جیلوں کے ڈائریکٹر جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں کے اندر رپورٹ طلب کی ہے۔ انسانی حقوق کے ادارے نے کہا کہ رپورٹ میں قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے یا تجویز کردہ اقدامات کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ ایسے پرتشدد اور جان لیوا واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔
یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں جیل کے اندر مبینہ طور پر گینگ وار سے منسلک دوسرا قتل تھا۔ 14 اپریل کو گینگسٹر لارنس بشنوئی سے وابستہ گینگسٹر پرنس تیوتیا کو ایک حریف گینگ کے رکن کی طرف سے جیل کے اندر صبح سویرے حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔
اگست 2021 میں انکت گجر نامی ایک اور قیدی تہاڑ جیل میں اپنے سیل کے اندر مردہ پایا گیا تھا۔ جیل حکام کے اسے دوسرے سیل میں منتقل کرنے کے فیصلے کی وجہ سے وہ مبینہ طور پر جیل کے سینئر اہلکار نریندر مینا کے ساتھ جھگڑے میں ملوث تھا۔
دو سال بعد مینا پر گجر کی موت کے سلسلے میں مجرمانہ قتل کا الزام لگایا گیا۔
2020 میں جیل کے ایک اور قیدی نے اپنی بہن کی عصمت دری کا بدلہ لینے کے لیے مبینہ طور پر ایک قیدی کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا تھا۔