دہلی کی عدالت نے قطب مینار کمپلیکس کے اندر ’’مندروں کی بحالی‘‘ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ رکھا
نئی دہلی، مئی 24: لائیو لا کی خبر کے مطابق دہلی کی ایک ضلعی عدالت نے منگل کو ایک درخواست پر اپنا حکم محفوظ کر لیا جس میں قطب مینار کمپلیکس کے اندر ہندو اور جین مندروں کو بحال کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ عدالت اپنا حکم 9 جون کو سنائے گی۔
مدعی ہری شنکر جین نامی وکیل نے دعویٰ کیا ہے کہ قطب مینار کمپلیکس میں واقع قوّۃ الاسلام مسجد ایک مندر کی جگہ بنائی گئی تھی۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ کمپلیکس میں ہندو اور جین دیوتاؤں کی مورتیاں موجود ہیں، ہری شنکر نے مندروں کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جین نے ابتدائی طور پر سول عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا لیکن اسے خارج کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد اس نے ساکیت ضلعی عدالت کا رخ کیا۔
جین کی اپیل پر آرکیالوجیکل سروے نے منگل کو کہا کہ کمپلیکس میں ہندو مجسمے موجود ہیں لیکن وہاں پوجا کرنے کے بنیادی حق کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا کیوں کہ قطب مینار قدیم یادگاروں اور آثار قدیمہ کے مقامات اور باقیات کے ایکٹ 1958 کے تحت ایک محفوظ یادگار ہے۔
سماعت میں جین نے بابری مسجد-رام جنم بھومی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی کہ مندر صرف اس وجہ سے اپنے کردار یا تقدس کو نہیں کھوئے گا کہ اسے تباہ کیا گیا ہے۔
جین نے کہا کہ میں عبادت گزار ہوں۔ ابھی بھی ایسی تصویریں موجود ہیں، وہ اب بھی نظر آتی ہیں… اگر وہ مورتیاں باقی ہیں تو پوجا کرنے کا حق بھی باقی رہتا ہے۔‘‘
عدالت نے مشاہدہ کیا کہ بتوں کے موجود ہونے پر تنازعہ نہیں ہے، لیکن معاملہ پوجا کے حق سے متعلق ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نکھل چوپڑا نے کہا ’’اب آپ چاہتے ہیں کہ اس یادگار کو ایک مندر میں تبدیل کر دیا جائے اور اسے بحالی کا نام دیا جائے۔ میرا سوال یہ ہے کہ آپ یہ کیسے دعویٰ کریں گے کہ مدعیان کو قانونی حق حاصل ہے، یہ فرض کرتے ہوئے کہ یہ تقریباً 800 سال پہلے موجود تھا؟‘‘
عدالت کی سماعت مرکزی وزیر ثقافت جی کے ریڈی کی میڈیا رپورٹس کی تردید کے دو دن بعد ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت نے قطب مینار کی کھدائی کا حکم دیا تھا۔
ریڈی نے یہ وضاحت ان خبروں کے بعد دی تھی جب ان خبروں میں کہا گیا تھا کہ حکومت نے آثار قدیمہ کے سروے کو قطب مینار کمپلیکس میں کھدائی کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ یادگار قطب الدین ایبک نے تعمیر کی تھی یا چندرگپت وکرمادتیہ نے۔
محکمہ ثقافت کے سکریٹری گووند موہن کے سنیچر کو اس یادگار کا دورہ کرنے کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئیں۔ تاہم وزارت ثقافت نے کہا کہ یہ ایک معمول کا دورہ تھا۔