پنچایت سے متعلق اطلاع مانگنے پر دلت کارکن کی پٹائی، مبینہ طور پر پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا
نئی دہلی، فروری 28: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق ایک دلت کارکن کو مدھیہ پردیش کے گوالیار ضلع میں ایک گاؤں کی پنچایت کے بارے میں تفصیلات کے لیے معلومات کے حق کے قانون کے تحت درخواست دائر کرنے کے بعد پیٹا گیا، ذات پات پر مبنی بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا اور پیشاب پینے پر مجبور کیا گیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جے راج کبیر نے بتایا کہ کارکن ششی کانت جاٹو، جسے شدید چوٹیں آئی ہیں، کو نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس سلسلے میں سات ملزمان میں سے دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق قتل اور اغوا کی کوشش اور درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ کے تحت تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
افسر نے کہا کہ پولیس کو جاٹو کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے قومی راجدھانی بھیجا جائے گا، جس کی بنیاد پر مزید تعزیری دفعات کی درخواست کی جا سکتی ہے۔
کبیر نے کہا کہ جاٹو کو بارائی گاؤں کے سرپنچ کے شوہر، پنچایت سکریٹری اور دیگر نے مارا پیٹا، کیوں کہ وہ اس کے ذریعے کی گئی آر ٹی آئی سے ناراض تھے۔
انھوں نے 23 فروری کو جاٹو کو دفتر میں بلایا اور اسے ذات پات پر مبنی طعنے دیے اور اس پر حملہ کیا۔ پولیس نے کہا کہ جاٹو نے الزام لگایا ہے کہ اسے جوتے سے پیشاب پلایا گیا تھا۔